رسائی کے لنکس

گیارہ دسمبر پاکستان کرکٹ کے لیے بڑا دن ہو گا، احسان مانی


پاکستان اور سری لنکا کے درمیان قذافی اسٹیڈیم لاہور میں کھیلے گئے تیسرے اور آخری ٹی 20 میچ کے بعد ٹرافی دینے کی تقریب۔ 9 اکتوبر 2019
پاکستان اور سری لنکا کے درمیان قذافی اسٹیڈیم لاہور میں کھیلے گئے تیسرے اور آخری ٹی 20 میچ کے بعد ٹرافی دینے کی تقریب۔ 9 اکتوبر 2019

پاکستان کرکٹ بورڈ نے کئی برسوں کے بعد ملک میں ٹیسٹ کرکٹ کی بحالی کے موقع پر سری لنکا کے خلاف ہوم سیریز کے آغاز پر پاکستان اور سری لنکا کے دو سابق کپتانوں کو بطور خاص مدعو کیا ہے تاکہ ان کی خدمات کا اعتراف کیا جا سکے۔

اپنے وقت کے عظیم بلے باز اور سابق کپتان جاوید میاندار اور سری لنکا کے سابق کپتان بندولا وارناپورا راولپنڈی میں 11 دسمبر سے شروع ہونے والے ٹیسٹ میچ میں مہمان خصوصی ہوں گے۔

میانداد اور وارنا پورا نے پاکستان اور سری لنکا کے درمیان کھیلے جانے والے اولین ٹیسٹ میچ میں اپنی اپنی ٹیموں کی قیادت کی تھی۔ یہ میچ کراچی کے نیشنل کرکٹ سٹیڈیم میں مارچ 1982 میں کھیلا گیا تھا۔ پاکستان نے یہ میچ 204 رنز سے جیت لیا تھا۔

دونوں اطراف کے سابق کپتان 10 دسمبر کو سیریز کی ٹرافی کے ساتھ ایک خصوصی فوٹو شوٹ کرائیں گے اور پھر 11 دسمبر کو کھیل کے پہلے دن کھانے کے وقفے کے دوران ان کے اعزاز میں ایک خصوصی تقریب ہو گی۔

پاکستان کرکٹ بورڈ کے چیرمین احسان مانی نے ایک بیان میں دونوں مہمانوں کی جانب سے اس تقریب کے لیے دعوت قبول کرنے پر ان کا شکریہ ادا کیا ہے۔ ان کے بقول پاکستان اور اس کی کرکٹ کے دنیا بھر میں مداحوں کے لیے یہ دن بہت معنی رکھتا ہے۔

’’ گیارہ دسمبر کا دن پاکستان کی کرکٹ کی تاریخ میں ایک بڑا دن ہو گا اور اس دن بندولا ورناپورا اور جاوید میانداد کو ہمارے میدانوں میں ایک ساتھ دیکھنا بہت بڑی بات ہے۔ وہ کرکٹ کے بڑے نام ہیں جہنوں نے کھیل کے لیے بے مثال خدمات انجام دی ہیں‘‘۔

XS
SM
MD
LG