رسائی کے لنکس

سینیٹ کی توثیق کے بعد پومپیو نے وزیر خارجہ کا عہدہ سنبھال لیا


فائل
فائل

ٹرمپ نے اُن کی توثیق کو سراہا ہے اور امریکہ کے 70ویں اعلیٰ ترین سفارت کار کے طور پر منظوری پر پومپیو کو مبارکباد دی۔ پومپیو، ریکس ٹلرسن کی جگہ لیں گے جنھیں گذشتہ ماہ کے اواخر میں ٹرمپ نے عہدے سےسبک دوش کر دیا تھا

امریکی سینیٹ کی جانب سے توثیق کے بعد، جمعرات کو سی آئی اے کے سابق سربراہ، مائیک پومپیو نے امریکی وزیر خارجہ کے عہدے کا حلف لیا، جنھیں سینیٹ میں 57 حمایت میں جب کہ 42 مخالفت میں ووٹ پڑے۔

اور یوں، صدر ڈونالڈ ٹرمپ کی نامزدگی کو ریپبلیکن پارٹی کے تمام کے تمام ارکان نے ووٹ دیے، جب کہ ڈیموکریٹس میں سے چھ اور ایک آزاد قانون ساز نے مخالفت میں ووٹ دیا۔

ٹرمپ نے اُن کی توثیق کو سراہا ہے اور امریکہ کے 70ویں اعلیٰ ترین سفارت کار کے طور پر منظوری پر پومپیو کو مبارکباد دی۔

ایک بیان میں صدر نے کہا کہ ’’بے حد صلاحیت، توانائی اور ذہن کے مالک اور محب وطن مائیک کے محکمہٴ خارجہ کے سربراہ کے طور پر عہدہ سنبھالنا، تاریخ کے اس مشکل دور میں ہمارے ملک کے لیے ایک بیش بہا اثاثہ ثابت ہوں گے‘‘۔

پومپیو، ریکس ٹلرسن کی جگہ لیں گے جنھیں گذشتہ ماہ کے اواخر میں ٹرمپ نے عہدے سےسبک دوش کر دیا تھا۔

عہدہ سنبھالنے کے بعد وہ جمعے کو نیٹو کے اجلاس میں شرکت کے لیے برسلز روانہ ہوں گے، جہاں وہ ترک اور اطالوی وزرائے خارجہ کے ساتھ باہمی مذاکرات کریں گے۔

نئے وزیر خارجہ برسلز سے اسرائیل، سعودی عرب اور اردن کے دورے پر روانہ ہوں گے۔

امریکی محکمہٴ خارجہ کی ترجمان، ہیدر نوئرٹ نے کہا ہے کہ ان ملکوں کے چناؤ سے ’’خطے میں ان کلیدی اتحادیوں اور پارٹنرز کے ساتھ کلیدی اہمیت‘‘ کو ظاہر کرتا ہے۔

XS
SM
MD
LG