رسائی کے لنکس

ریما خان تیزاب گردی کا شکار خواتین کے لیے قانون سازی کی خواہش مند


اداکارہ ریما خان، تیزاب سے مثاثرہ خواتین کے ساتھ
اداکارہ ریما خان، تیزاب سے مثاثرہ خواتین کے ساتھ

پاکستان فلم انڈسٹری کی اداکارہ ریما خان تیزاب سے جھلسی خواتین کے لئے قانون سازی کی خواہشمند ہیں۔ وہ چاہتی ہیں کہ تیزاب گردی کرنے والوں کے خلاف سخت قانون بنائے جائیں تاکہ لوگ اس جرم کا ارتکاب کرتے ہوئے ڈریں۔

ریما خان کے بقول خواتین کی جانب سے مٹی کا تیل چھڑک کر خود سوزی جیسے واقعات کو روکنے کے لئے مناسب حکمت عملی بنانی چاہیئے۔

ان کا کہنا ہے کہ " تیزاب ایسا بے آواز خنجر ہے جس سے زخم تو چہرے پر آتے ہیں لیکن چھلنی روح ہوتی ہے۔"

ریما خان خواتین سے جڑے ان دونوں مسائل سے متعلق آگاہی کے لئے کام کرنا چاہتی ہیں اور ریما کے انہی خیالات سے متاثر ہوکر کراچی کی ایک غیر سرکاری تنظیم اسمائیل اگین فاؤنڈیشن نے انہیں خیر سگالی کی سفیر مقرر کیا ہے۔

ریما خان، مسرت مصباح کے ساتھ
ریما خان، مسرت مصباح کے ساتھ

تنظیم کی سربراہ مسرت مصباح کا کہنا تھا کہ تیزاب گردی کا شکار ہونے والی خواتین کی شخصیت شدید متاثر ہوتی ہے۔ اس نفسیاتی المیے سے نکلنا متاثرہ خاتون کے بس کی بات نہیں ہوتی۔ انہوں نے کہا کہ جب آئینے میں خود کو دیکھ کر خوف آنے لگے تو سوچئے اس سے بڑا دکھ درد اورکیا ہو گا۔ مسرت مصباح کا کہنا تھا کہ ایسے میں اگر کوئی دو پیار بھرے بول بھی ادا کردے تو بہت اچھا لگتا ہے۔ اسمائیل اگین مسکراہٹیں لوٹانے کے لئے ریماخان کے ساتھ مل کر کام کرنے کا متمنی ہے۔

سفیر بننے کی خوشی میں ریما خان نے تیزاب سے جھلسی ہوئی خواتین کے ساتھ ایک دن گزارا اور ان کا دکھ درد بانٹنے کی بھرپور کوشش کی۔

مسرت مصباح کی قائم کردہ فاؤنڈیشن تیزاب حملوں کا شکار خواتین کی سرجری کروانے میں ہر طرح کی معاونت فراہم کرتی ہے جن میں سماجی نفسیات کی تربیت بھی شامل ہے ۔

اس تربیت کا بنیادی مقصد خواتین کی شخصیت سازی کے ساتھ ساتھ انہیں مالی طور پر خود مختار کرنا بھی شامل ہے۔

XS
SM
MD
LG