رسائی کے لنکس

سلمان خان جیل سے رہائی کے بعد ممبئی روانہ ہو گئے


بالی ووڈ اسٹار سلمان خان جودھپور کی ضلع و سیشن عدالت سے ضمانت ملنے کے بعد سینٹرل جیل سے رہا کر دیے گئے اور وہ ممبئی کے لیے روانہ ہو گئے۔

ضمانت کے کاغذات ملنے کے بعد جیل اتھارٹی نے انھیں جیل سے رہا کر دیا۔ اس کے بعد وہ پولیس تحویل میں ایئرپورٹ کے لیے روانہ ہوئے جہاں سے ایک چارٹرڈ طیارے کے ذریعے وہ ممبئی روانہ ہو گئے۔

جودھپور میں ان کی بہنیں اور دیگر اہل خاندان اسی روز سے موجود تھے۔ ان کی ضمانت کی خبر ملتے ہی جودھپور عدالت کے باہر اور ممبئی میں سلمان کے گھر کے باہر ان کے پرستاروں میں زبردست جوش پیدا ہو گیا اور انھوں نے پٹاخے چھوڑ کر اور مٹھائیاں تقسیم کرکے جشن منایا۔

مقبول اداکار کو رواں ہفتے جودھپور کی ایک عدالت نے اس مقدمے میں پانچ سال قید کی سزا سنائی تھی جس کے بعد انھیں دو راتیں جیل میں گزارنا پڑیں۔

ان کی طرف سے ضمانت کی درخواست پر عدالت نے جمعہ کو فیصلہ محفوظ کیا تھا جسے ہفتے کو جاری کیا اور اب سلمان خان جیل سے باہر آ سکیں گے اور اپنی سزا کے خلاف اپیل بھی دائر کریں گے۔

سلمان خان پر 1998ء میں اپنی ایک فلم 'ہم ساتھ ساتھ ہیں' کی عکس بندی کے دوران جودھپور میں نایاب نسل کے کالے ہرن کے شکار کا الزام ہے لیکن وہ صحت جرم سے انکار کرتے رہے ہیں۔

اس مقدمے میں بالی ووڈ کے دیگر ادکار سیف علی خان، سونالی باندرے، تبو اور نیلم بھی شامل تھے لیکن عدالت نے انھیں بری کر دیا تھا۔

52 سالہ سلمان خان کو عدالت کی طرف سے سزا سنائے جانے پر سوشل میڈیا میں خوب بحث شروع ہوگئی تھی جس میں لوگوں کی اکثریت ان فیصلے پر تنقید کرتی دکھائی دی۔

سلمان خان کو جودھپور جیل میں ایک بدنام زمانہ مجرم آسا رام کے ساتھ والی کوٹھڑی میں رکھا گیا تھا۔ آسا رام نوجوان لڑکیوں سے جنسی زیادتی کے جرم میں قید کاٹ رہا ہے۔

  • 16x9 Image

    سہیل انجم

    سہیل انجم نئی دہلی کے ایک سینئر صحافی ہیں۔ وہ 1985 سے میڈیا میں ہیں۔ 2002 سے وائس آف امریکہ سے وابستہ ہیں۔ میڈیا، صحافت اور ادب کے موضوع پر ان کی تقریباً دو درجن کتابیں شائع ہو چکی ہیں۔ جن میں سے کئی کتابوں کو ایوارڈز ملے ہیں۔ جب کہ ان کی صحافتی خدمات کے اعتراف میں بھارت کی کئی ریاستی حکومتوں کے علاوہ متعدد قومی و بین الاقوامی اداروں نے بھی انھیں ایوارڈز دیے ہیں۔ وہ بھارت کے صحافیوں کے سب سے بڑے ادارے پریس کلب آف انڈیا کے رکن ہیں۔  

XS
SM
MD
LG