رسائی کے لنکس

منا بھائی 3 میں 'سرکٹ' کون بنے گا؟ بالی ووڈ میں نئی بحث چھڑ گئی


ممبئی کی بات تو چھوڑیے، کراچی میں یہ الفاظ نوجوانوں کی گفتگو میں آج بھی شد و مد سے استعمال ہو رہے ہیں۔ انہیں سن کر ’فلمی پنڈت‘ کہتے ہیں کہ اگر ڈائیلاگ کی عوام میں پذیرائی اس حد تک ہو تو لوگ اس شے کے دیوانے ضرور ہوجاتے ہیں جو شے اس کا باعث بنتی ہے۔

سن 2003 میں سنجے دت اور ارشد وارثی کی ریلیز ہونے والی فلم ’منا بھائی ایم بی بی ایس‘ کے ڈائیلاگ اور کرداروں نے کچھ ایسا جادو جگایا تھا کہ آج بھی لوگ ایک دوسرے کو ’جادو کی جھپی‘ دیتے ہیں اور ’ماموں‘ کہتے نظر آتے ہیں۔

ممبئی کی بات تو چھوڑیے، کراچی میں یہ الفاظ نوجوانوں کی گفتگو میں آج بھی شد و مد سے استعمال ہو رہے ہیں۔ انہیں سن کر ’فلمی پنڈت‘ کہتے ہیں کہ اگر ڈائیلاگ کی عوام میں پذیرائی اس حد تک ہو تو لوگ اس شے کے دیوانے ضرور ہوجاتے ہیں جو شے اس کا باعث بنتی ہے۔

شاید یہی وجہ ہے کہ منا بھائی سیریل تھری ابھی فلور پر پوری طرح گئی بھی نہیں کہ اس کے چرچے زبان زد عام ہوگئے ہیں۔ ان چرچوں میں سب سے بڑھ کر ہے فلم کے ہٹ کردار ’سرکٹ‘ کے حوالے سے سامنے آنے والا تنازع۔

بھارتی اخبارات ’انڈین ایکسپریس‘ اور’ ٹائمز ناؤ‘ کی رپورٹوں میں کہا جارہا ہے کہ ’منا بھائی 3میں‘ سرکٹ کے روپ میں ارشد وارثی کی جگہ رنبیر کپور کے دکھائی دیں گے۔ یہ خبریں بہت گرم ہیں جبکہ ان افواہوں نے سنجے دت کی بائیو پک ’سنجو‘ میں رنبیر کپور کی شاندار ایکٹنگ کے بعد مزید زور پکڑ لیا ہے۔

ارشد وارثی بھی آج کل جس محفل میں جاتے ہیں ان سے اس بارے میں یہ سوال ضرور کیا جاتا ہے۔ ارشد وارثی نے ’زوم ٹی وی‘ سے بات چیت میں پہلے پہل تو بات گھمانے کی کوشش کی۔

لیکن، پھر ان کا کہنا تھا کہ ’’فلم کے ڈائریکٹر راج کمار ہیرانی سے میری بات ہوئی ہے۔ اب تک تو ’منابھائی 3‘ میں سنجے دت کے ساتھ ’سرکٹ‘ کے روپ میں، میں ہی ہوں۔۔ آئندہ کا پتا نہیں۔‘‘

ارشد نے مزید کہا ’’بہت پہلے عامر خان نے یہ بات مذاق میں کہی تھی جبکہ اور بھی کئی لوگ مزاح کے طور پر یہ بات کہتے ہیں۔ لیکن، یہ تمام بڑے اسٹارز ہیں۔ میرا نہیں خیال کہ وہ ’سرکٹ‘ کا کردار کریں گے۔ ہاں سنجے دت کے ’منا بھائی‘ کے کیریکٹر میں ضرور دلچسپی رکھ سکتے ہیں۔‘‘

ساتھ ہی انہوں نے یہ بھی بتایا کہ ’’فلم کا اسکرپٹ تقریباً تیار ہے اور فلم رواں سال کے وسط یا پھر آخر میں فلورز پر چلی جائے گی۔‘‘

جب ارشد وارثی سے یہ سوال پوچھا گیا کہ لوگ ’سرکٹ‘ سے بہت محبت کرتے ہیں تو ارشد کا کہنا تھا ’’بالکل ایسا ہی ہے۔ راج کمار ہیرانی بہت اچھے رائٹر ہیں اور انہوں نےسرکٹ‘ کا کردار لکھا ہی بہت زبردست انداز میں ہے۔‘‘

یہاں یہ بات بھی بتاتے چلیں کہ ہٹ فلم ’جونی ایل ایل بی‘ میں ارشد وارثی نے وکیل کا کردار بہت خوبی سے نبھایا تھا۔ اور ان کے کردار کو فلم کے ہٹ ہونے کا کریڈٹ بھی گیا۔ لیکن، ’جونی ایل ایل بی2‘ میں ارشد وارثی کے بجائے اکشے کمار وکیل کے رول میں دکھائی دئیے۔

انٹرٹیمنٹ ورلڈ کے مشہور تجزیہ کاروں کا کہنا ہے کہیں ’منا بھائی 3‘ میں بھی ارشد کے ساتھ یہی نہ ہوجائے۔

اس سلسلے کی پہلی فلم ’منا بھائی ایم بی بی ایس‘ 2003 اور دوسری فلم ’لگے رہو منا بھائی‘ 2006 میں ریلیز ہوئی تھی۔ دونوں فلمیں ’سوپر ہٹ‘ ثابت ہوئی تھیں اور تیسری فلم کے بارے میں باتیں شروع ہو گئی تھیں۔ لیکن، اس میں تاخیر ہوتی گئی اور سنجے دت کے جیل جانے سے معاملہ کھٹائی میں پڑگیا۔

XS
SM
MD
LG