رسائی کے لنکس

logo-print

سائرہ کو طلاق صدف کی وجہ سے نہیں دی: شہروز سبزواری


فائل فوٹو

اداکار شہروز سبزواری نے ماڈل صدف کنول سے شادی کے بارے میں اپنی خاموشی توڑ دی ہے۔ سوشل میڈیا پر جاری کی گئی اپنی ایک ویڈیو میں شہروز نے کہا ہے کہ ان کی اور سائرہ یوسف کی علیحدگی اگست 2019 میں ہو چکی تھی اور اس علیحدگی کی وجہ کوئی دوسری عورت نہیں تھی۔

انہوں نے یہ بھی واضح کیا ہے کہ سائرہ کو صدف کنول کی وجہ سے طلاق نہیں دی تھی۔

'انسٹاگرام' پر جاری کی گئی ویڈیو میں شہروز سبزواری نے کہا ہے کہ ویڈیو بنانے کا مقصد اپنے خاندان اور خود کا دفاع کرنا ہے۔ ان کے بقول وہ ایک سچے آدمی ہیں۔

انہوں نے سوشل میڈیا پر ہونے والے تبصروں کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ جو لوگ سمجھتے ہیں کہ میں نے کسی کو کوئی دھوکہ دیا ہے یا ہماری طلاق کے پیچھے کوئی اور عورت بھی ہے تو وہ سامنے آ کر اس کو ثابت بھی کریں۔

سوشل میڈیا پر ہونے والے تبصروں پر شہروز کا کہنا تھا کہ وہ اپنے خاندان کے حوالے سے کوئی غلط بات برداشت نہیں کر سکتے۔

انہوں نے کہا کہ سائرہ سے علیحدگی کے تین یا چار ماہ بعد صدف کنول سے کام کے دوران ملاقات ہوئی۔

اپنی ایک پرانی ویڈیو کا حوالے دیتے ہوئے انہوں نے کہا کہ میری اس ویڈیو کو بھی توڑ موڑ کر پیش کیا جا رہا ہے۔ میں حلفاََ کہتا ہوں کہ اُس ویڈیو میں ایک بھی بات جھوٹ نہیں تھی۔ صدف کنول اس وقت صرف ساتھ کام کرنے والی ساتھی ہی تھیں جب کہ سائرہ میری بیوی تھیں۔

شہروز سبزواری نے کہا کہ وہ سائرہ کو طلاق دینا نہیں چاہتے تھے لیکن ان کے درمیان مسائل سلجھ نہ سکے اور بات طلاق تک پہنچ گئی۔ انہوں نے کہا طلاق سے قبل ان کا صدف کنول کے ساتھ کوئی غلط تعلق نہیں تھا۔

شہروز کا کہنا تھا کہ وہ یہ ویڈیو اپنی بیٹی کے لیے بنا رہے ہیں جو آج سے پانچ، چھ سال بعد جب بڑی ہو گی تو سوشل میڈیا پر موجود تبصروں کو دیکھ کر ضرور پوچھے گی کہ کیا ہوا تھا۔ تو اس وقت یہ ویڈیو اس کے لیے میری گواہی ہوگی۔

انہوں نے کہا کہ بہت سے لوگ چاہتے تھے کہ میں خاموش رہوں اور جو لوگ بول رہے ہیں ان کو بولنے دوں۔ لیکن آج کل چُپ رہنے میں کچھ نہیں رکھا۔ اگر کوئی تہمت لگا رہا ہے تو سامنے آئے اور اس کو ثابت بھی کرے۔

خیال رہے کہ دسمبر 2019 میں بھی شہروز سبزواری نے 'انسٹا گرام' پر ہی ایک ویڈیو جاری کی تھی جو اب ان کے اکاؤنٹ پر موجود نہیں ہے۔ یہ ویڈیو ایسے وقت جاری کی گئی تھی جب سائرہ اور شہروز الگ الگ رہ رہے تھے اور سوشل میڈیا پر ان کی طلاق کی خبریں گرم تھیں۔

اس ویڈیو میں انہوں نے سائرہ کے ساتھ طلاق کی خبروں کی تردید کی تھی۔ شہروز نے اپنی ویڈیو میں کہا تھا کہ ان کا نام ایک ماڈل صدف کنول کے ساتھ جوڑا جا رہا ہے جب کہ وہ ان سے ایک ماہ قبل ہی (یعنی نومبر 2019 میں) ملے ہیں جب کہ سائرہ سے ان کی علیحدگی کو چھ ماہ ہو چکے ہیں۔

بعد ازاں رواں برس مارچ میں شہروز سبزواری اور سائرہ یوسف نے سوشل میڈیا پر طلاق کی تصدیق کردی تھی۔ دونوں فن کاروں نے 'انسٹا گرام' پر اپنی پوسٹس میں کہا تھا کہ ہمارے درمیان موجود مسائل نہ سلجھ سکے جس کی وجہ سے دونوں نے مشترکہ طور پر شادی ختم کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔

گزشتہ ہفتے شہروز سبزواری نے ماڈل صدف کنول کے ساتھ شادی کی تصاویر انٹرنیٹ پر جاری کی تھیں جس کے بعد صدف کنول اور سائرہ یوسف کے نام پاکستان میں ٹوئٹر پر ٹاپ ٹرینڈ رہے تھے۔

شہروز اور صدف کی شادی کی خبروں پر کئی سوشل میڈیا صارفین نے تبصرے کیے تھے جب کہ بعض نے ان کی اس شادی پر تنقید بھی کی تھی۔۔

شہروز سبزواری نامور اداکار بہروز سبزواری کے صاحبزادے ہیں۔ ان کی پہلی شادی 2012 میں اداکارہ اور ماڈل سائرہ یوسف سے ہوئی تھی لیکن سات سال بعد دونوں میں علیحدگی ہوگئی تھی۔

فیس بک فورم

XS
SM
MD
LG