رسائی کے لنکس

تین سالہ بچی پتنگ کے ساتھ فضا میں بلند


تائیوان میں پتنگ فیسٹیول میں بچی ایک بڑی پتنگ کی دم میں اٹک گئی۔
تائیوان میں پتنگ فیسٹیول میں بچی ایک بڑی پتنگ کی دم میں اٹک گئی۔

تائیوان میں پتنگوں کے ایک فیسٹیول میں اس وقت لوگ پریشانی کا شکار ہو گئے جب ایک تین سالہ بچی پتنگ کے ساتھ الجھ کر فضا میں کئی میٹر بلندی تک چلی گئی۔

امریکی خبر رساں ادارے 'ایسوسی ایٹڈ پریس' کی ایک رپورٹ کے مطابق تین سالہ نامعلوم بچی اتوار کو ہونے والے پتنگ فیسٹیول میں شریک تھی۔ جب ایک بڑی نارنجی رنگ کی پتنگ فضا میں بلند کی جانے لگی تو بچی اس پتنگ کی بڑی سی دم میں پھنس کر کئی میٹرز تک فضا میں بلند ہوتی چلی گئی۔

فیسٹیول میں موجود نوجوان اس بچی کو بچانے کے لیے بھاگنے لگے جب کہ کئی افراد نے ویڈیوز بھی بنائیں جو بعد میں سوشل میڈیا پر وائرل ہو گئیں۔

ویڈیو میں دیکھا جا سکتا ہے کہ پتنگ کے ساتھ بچی کئی بار اوپر نیچے ہوئی۔ تاہم پتنگ کے نیچے آتے ہی نوجوانوں نے بچی کو پکڑ کر اس کی دم سے آزاد کیا۔

اس دوران وہاں موجود خواتین کے چیخنے چلانے کی آوازیں بھی آ رہی ہیں۔

مقامی میڈیا کی رپورٹس کے مطابق بچی اس واقعے میں محفوظ رہی اور اسے کسی بھی قسم کی بیرونی زخم نہیں آئے۔

تائیوان کے شہر سنچو میں اتوار کو انٹرنیشنل کائیٹ فیسٹیول منقعد کیا گیا تھا جس میں یہ واقعہ پیش آیا۔

سنچو کی بلدیاتی حکومت نے اس واقعے کے فوری بعد پتنگ فیسٹیول معطل کر دیا۔

حکومت نے اعلان کیا کہ وہ آئندہ حفاظتی اقدامات کے حوالے سے مزید سختی کرے گی۔

XS
SM
MD
LG