رسائی کے لنکس

توشہ خانہ کیس: عمران خان کی وارنٹ منسوخی کی درخواست مسترد


File Photo
File Photo

اسلام آباد کی مقامی عدالت نے توشہ خانہ کیس میں سابق وزیرِ اعظم عمران خان کی وارنٹ منسوخی کی درخواست مسترد کر دی ہے۔

اسلام آباد سے وائس آف امریکہ کے نمائندے عاصم علی رانا کے مطابق ایڈیشنل سیشن جج ظفر اقبال کی عدالت نے عمران خان کا ناقابل ضمانت وارنٹ کا حکم برقرار رکھتے ہوئے منگل کو ان کے خاف کیس کی سماعت مقرر کی ہے۔

عدالت نے 28 فروری کو عدم حاضری پر عمران خان کے ناقابلِ ضمانت وارنٹ گرفتاری جاری کیے تھے اور انہیں سات مارچ کو گرفتار کر کے پیش کرنے کا حکم دیا تھا۔

پیر کو سماعت کے دوران عمران خان کے وکیل علی بخاری ایڈووکیٹ نے اپنے دلائل میں کہا کہ ان کے موکل نے ہمیشہ عدلیہ کے فیصلوں پر عمل درآمد کیا ہے اور اس وقت وہ لاہور میں اپنی رہائش گاہ زمان پارک میں موجود ہیں اور وہ چاہتے ہیں کہ انہیں عدالت میں پیش ہونے کا کوئی راستہ بتایا جائے۔

عمران خان کے ایک اور وکیل قیصر امام نے مؤقف اختیار کیا کہ عمران خان کے خلاف پرائیویٹ کمپلینٹ ہے جو الیکشن ایکٹ کے تحت درج کی گئی جب کہ پرائیویٹ کمپلینٹ میں وارنٹ جاری کرنے سے کسی حد تک روکا گیا ہے۔

اس موقع پر جج ظفر اقبال نے استفسار کیا کہ 28 فروری کو صبح ہی عمران خان کے وکلا نے کہہ دیا تھا کہ وہ نہیں آئیں گے۔بعدازاں عدالت نے عمران خان کے وارنٹ منسوخی کی درخواست خارج کرتے ہوئے ناقابلِ ضمانت وارنٹ گرفتاری کا حکم برقرار رکھا ہے۔

اس سے قبل عدالت نے 28 فروری کو عدم پیشی پر عمران خان کے ناقابلِ ضمانت وارنٹ گرفتاری جاری کرتے ہوئے حکم دیا تھا کہ عمران خان کو گرفتار کر کے سات مارچ کو پیش کیا جائے۔

توشہ خانہ کیس میں الیکشن کمیشن آف پاکستان نے بھی عمران خان کو تحائف گوشواروں میں ظاہر نہ کرنے پر بطور رُکن اسمبلی ڈی سیٹ کیا تھا۔

عمران خان پر بطور وزیرِ اعظم اختیارات کا ناجائز استعمال کرتے ہوئے ریاستی تحائف فروخت کرنے کا الزام ہے۔

XS
SM
MD
LG