رسائی کے لنکس

امریکہ کے وفاقی ملازمین کی مراعات میں اضافہ


صدر ٹرمپ وفاقی ملازمین کے لیے مراعاتی بل پر دستخط کر رہے ہیں۔
صدر ٹرمپ وفاقی ملازمین کے لیے مراعاتی بل پر دستخط کر رہے ہیں۔

امریکہ کی وفاقی حکومت نے اپنے ملازمین کے لیے 2020 سے مراعات کے ایک نئے پیکیج کا اعلان کیا ہے۔ جس میں تنخواہوں میں تین فی صد سے زیادہ اضافہ اور 12 ہفتوں کی تنخواہ کے ساتھ فیملی چھٹی بھی شامل ہے۔

صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی جانب سے وفاقی ملازموں کو بھیجے گئے ایک کھلے خط میں کہا گیا ہے کہ وہ قوم کے لیے وفاقی ملازمین کی گراں قدر خدمات کے معترف ہیں اور انہوں نے نیشنل ڈیفنس آتھورائزیشن ایکٹ 2020 پر دستخط کر دیے ہیں جس کے بعد وہ قانون بن گیا ہے۔

ان کا کہنا ہے کہ تنخواہوں میں اوسطاً 3.1 فی صد کا اضافہ گزشتہ دس سال سے زیادہ کے عرصے کے دوران ہونے والے اضافوں میں سب سے بڑا اضافہ ہے جو فیڈرل ورکز کے بہترین کام کا ایک اعتراف ہے۔

صدر ٹرمپ نے اپنے خط میں کہا ہے کہ صدر بننے سے پہلے میں نے ملک بھر میں کارکنوں کو فیملی لیو (خاندانی رخصت) دینے کا وعدہ کیا تھا۔ مجھے یہ بتاتے ہوئے فخر محسوس ہو رہا ہے کہ یہ بل میرے دستخطوں سے قانون بن گیا ہے، جس سے وفاقی ملازمین کو 12 ہفتوں کی تنخواہ کے ساتھ فیملی لیو ملے گی۔ جس کے بعد والدین کو پریشانی کے عالم میں اس بارے میں سوچنا نہیں پڑے گا کہ وہ کام پر جائیں یا اپنے بچوں کے ساتھ وقت گزاریں۔

انہوں نے کہا کہ مجھے اس پر فخر ہے کہ ہماری حکومت خاندانوں کی مدد کے لیے کام کرنے کا کلچر اپنانے میں مثال قائم کر رہی ہے۔

صدر نے کہا کہ اس وقت تقریباً 16 کروڑ امریکی کام کر رہے ہیں اور گزشتہ 50 برس کے دوران اس وقت ملک میں بے روزگاری اپنی کم ترین سطح پر ہے۔ ہماری معیشت اور اسٹاک مارکیٹ ترقی کر رہی ہے اور اس نے پچھلے تین برسوں کے دوران 130 ریکارڈ قائم کیے ہیں۔

XS
SM
MD
LG