رسائی کے لنکس

'آپ نمبر وَن ہیں'


صدر ٹرمپ کا دعویٰ ہے کہ فیس بک کے بانی نے اُنہیں کہا ہے کہ وہ ان کے پلیٹ فارم پر سرفہرست ہیں۔ (فائل فوٹو)
صدر ٹرمپ کا دعویٰ ہے کہ فیس بک کے بانی نے اُنہیں کہا ہے کہ وہ ان کے پلیٹ فارم پر سرفہرست ہیں۔ (فائل فوٹو)

امریکہ کے صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا ہے کہ سماجی رابطوں کی معروف ویب سائٹ 'فیس بک' کے بانی مارک زکر برگ نے اُنہیں ایک ڈنر کے دوران کہا ہے کہ وہ سماجی رابطوں کی ویب سائٹ پر نمبر وَن ہیں۔

صدر ٹرمپ نے یہ گفتگو پیر کو ایک ریڈیو ٹاک شو میں لائیو انٹرویو کے دوران کی۔ انہوں نے کہا کہ میں نے مارک زکر برگ کے ساتھ ڈنر کیا تو انہوں نے مجھے کہا کہ "میں آپ کو مبارک باد دینا چاہتا ہوں، آپ فیس بک پر نمبر وَن ہیں۔"

البتہ صدر ٹرمپ نے یہ واضح نہیں کیا کہ انہوں نے مارک زکر برگ کے ساتھ کب ڈنر کیا تھا۔

فیس بک کے ترجمان نے کہا ہے کہ ایسا کوئی بھی ڈنر آخری مرتبہ گزشتہ برس اکتوبر میں ہوا تھا۔

خیال رہے کہ صدر ٹرمپ پیغام رسانی کے لیے سوشل میڈیا کو زیادہ اہمیت دیتے ہیں جب کہ پیشہ وارانہ میڈیا کے زیادہ تر حصوں کو وہ نظر انداز کرتے ہیں اور اکثر اوقات تنقید بھی کرتے دکھائی دیتے ہیں۔

صدر ٹرمپ کے ٹوئٹر پر تقریباً سات کروڑ فالوورز ہیں۔ امریکی صدر نے اسی انٹرویو کے دوران ٹوئٹر سے متعلق کہا کہ مجھے ایسا لگتا ہے کہ اس پلیٹ فارم کے بغیر ہم ہار جاتے۔

انہوں نے مزید کہا کہ ہم اس قابل بھی نہیں ہوتے کہ سچ سامنے لا سکیں۔

خیال رہے کہ امریکہ کے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ان دنوں کافی تنقید کی زد میں ہیں۔ فیس بک اور ٹوئٹر پر اکثر جھوٹی خبروں اور غلط معلومات کے پھیلاؤ کے الزامات بھی لگائے جاتے رہے ہیں۔

فرانسیسی خبر رساں ادارے 'اے ایف پی' کے مطابق صدر ٹرمپ خود بھی کئی مرتبہ فیس بک اور ٹوئٹر کے ذریعے غلط اطلاعات پھیلاتے رہے ہیں۔

لیکن دونوں پلیٹ فارم واضح کر چکے ہیں کہ وہ سیاست دانوں کی جانب سے دیے گئے بیانات میں جھوٹ یا سچ کو ثابت کرنے کی کوئی کوشش نہیں کریں گے۔ کیوں کہ ان کے بیانات خبروں کے لائق مواد کے زمرے میں آتے ہیں۔

اے ایف پی کے مطابق صدر ٹرمپ سیاسی اشتہارات پر پیسہ خرچ کرنے کے معاملے میں فیس بک پر نمبر وَن ہیں۔ جس کی وجہ سے فیس بک پر یہ الزامات بھی لگتے رہے ہیں کہ کمپنی ری پبلکن پارٹی کے زیرِ اثر ہے۔

XS
SM
MD
LG