رسائی کے لنکس

پی ایس ایل 5: سنسنی خیز مقابلے کے بعد کراچی کنگز کی فتح


پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) کے دوسرے میچ میں کراچی کنگز نے سنسنی خیز مقابلے کے بعد پشاور زلمی کو شکست دے دی ہے۔ پشاور زلمی کی ٹیم 202 رنز کے ہدف کا تعاقب کرتے ہوئے مقررہ 20 اوورز میں سات وکٹوں کے نقصان پر صرف 191 رنز بنا سکی۔

پشاور زلمی نے ٹاس جیت کر پہلے فیلڈنگ کا فیصلہ کیا تھا جو درست ثابت نہ ہو سکا۔ پشاور زلمی نے دوسری اننگز میں کراچی کنگز کے ہدف کا تعاقب شروع کیا تو اسے 29 رنز کے مجموعے پر پہلی وکٹ کا نقصان اٹھانا پڑا جب ٹام بینٹن 13 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے۔

پشاور زلمی کی جانب سے سب سے زیادہ رنز لِونگ اسٹون نے بنائے۔ انہوں نے 29 گیندوں پر 54 رنز اسکور کیے۔ ان کے علاوہ دیگر بیٹسمینوں میں کامران اکمل 43، شعیب ملک 16، کپتان ڈیرن سیمی 30، ڈاؤسن 22 اور حیدر علی 4 رنز بنانے میں کامیاب رہے۔

کراچی کنگز کی جانب سے بالنگ کرتے ہوئے عمید آصف اور کرس جارڈن نے دو دو وکٹیں حاصل کیں جب کہ محمد عامر اور ڈیلپورٹ نے ایک ایک کھلاڑی کو آؤٹ کیا۔

اس سے قبل کراچی کنگز نے مقررہ 20 اوورز میں 201 رنز اسکور کیے تھے۔ کراچی کنگز نے 201 رنز کے اسکور تک پہنچنے کے لیے اپنی چار وکٹیں گنوائیں۔ کراچی کنگز کی طرف سے بابر اعظم اور شرجیل خان نے اننگز کا آغاز کیا۔ مگر شرجیل خان 19 کے اسکور پر تیسرے اوور میں شعیب ملک کی گیند پر حسن علی کے ہاتھوں کیچ آؤٹ ہو گئے۔

کراچی کنگز کی دوسری وکٹ 73 رنز پر گری۔ جب سی ایس ڈیلپورٹ 20 رنز بنانے کے بعد محمد محسن کے ہاتھوں نویں اوور میں بولڈ ہوئے۔ آؤٹ ہونے والے تیسرے کھلاڑی بابر اعظم تھے جنہوں نے 56 گیندوں پر 78 رنز کی شاندار اننگز کھیلی۔ عماد وسیم اپنی نصف سنچری مکمل کرنے کے بعد 30 گیندوں پر 50 رنز بنا کر پویلین لوٹے۔

چیڈوک والٹن 9 اور افتخار احمد 16 رنز بنا کر ناٹ آؤٹ رہے۔

پشاور زلمی کی جانب سے سب سے زیادہ وکٹیں لینے والے بالر حسن علی تھے جنہوں نے دو وکٹیں حاصل کیں۔ لیکن وہ خاصے مہنگے بھی ثابت ہوئے۔ اپنے چار اوورز کے دوران انہوں نے 52 رنز دیے۔

حسن علی کے علاوہ محمد محسن نے ایک وکٹ حاصل کی اور ایک کھلاڑی رن آؤٹ ہوا۔

کراچی کے نیشنل اسٹیڈیم میں کھیلے جانے والے اس میچ سے لطف اندوز ہونے کے لیے تماشائیوں کی بڑی تعداد موجود ہے۔

کراچی کنگز کی قیادت عماد وسیم جب کہ پشاور زلمی کی قیادت ویسٹ انڈیز سے تعلق رکھنے والے ڈیرن سیمی کر رہے ہیں۔ دونوں ٹیموں کے کپتان پی ایس ایل کے گزشتہ ایونٹ میں بھی انہی ٹیموں کے قیادت کر چکے ہیں۔​

ایونٹ کے افتتاحی میچ میں دفاعی چیمپئن کوئٹہ گلیڈی ایٹرز نے اسلام آباد یونائیٹڈ کو شکست دے کر ایونٹ میں فاتحانہ آغاز کیا تھا۔

پی ایس ایل کا تیسرا میچ لاہور قلندرز اور ملتان سلطان کے درمیان لاہور کے قذافی اسٹیڈیم میں رات آٹھ بجے کھیلا جائے گا۔

لاہور قلندر سہیل اختر کی زیر قیادت میدان میں اترے گی اور ملتان سلطانز کی کپتانی اس مرتبہ شان مسعود کر رہے ہیں۔ دونوں کپتان کے لیے پی ایس ایل میں قیادت کا یہ پہلا امتحان ہے۔

XS
SM
MD
LG