رسائی کے لنکس

امریکی خاتون رکن کانگرس قاتلانہ حملے میں شدید زخمی


امریکی خاتون رکن کانگرس قاتلانہ حملے میں شدید زخمی
امریکی خاتون رکن کانگرس قاتلانہ حملے میں شدید زخمی

ہفتے کے روز ایک امریکی رکن کانگریس ریاست ایری زونا کے جنوب مغرب میں واقع اپنے انتخابی حلقے میں گولی لگنے سے شدید زخمی ہوگئیں، جب کہ اس واقعہ میں ایک وفاقی جج اور نو سالہ بچی سمیت سات افراد ہلاک ہوگئے۔

صدر اوباما نے ہفتے کے روز کے اس واقعہ کے بعد، سٹیٹ ڈائينگ روم سے ایک مختصر بیان میں قوم سے متحد رہنے کی اپیل کی ہے۔

گفوڈز ، ایری زونا کے شہر ٹکسان کے ایک فوڈ اسٹور کے باہر ایک عوامی اجتماع میں شریک تھیں کہ ایک مشتبہ شخص نے ان کے سرپر گولی مارنے کے بعد دوسرے لوگوں پر فائرنگ کردی۔

صدر اوباما اس واقعہ میں ہلاک ہونے والوں کو، جن میں امریکی ڈسٹرکٹ کورٹ کے ایک جج بھی شامل تھے، خراج عقیدت پیش کیا۔

صدر اوباما کا کہناتھا کہ ہلاک ہونے والوں میں ایک فیڈرل جج جان رول بھی شامل تھے ، جنہوں نے امریکہ کے محکمہ انصاف میں لگ بھگ 40 سال تک خدمات سرانجام دیں اور ایک لڑکی بھی تھی جس کی عمر بمشکل نو برس ہوگی۔

40 سالہ کانگریس وومن گفوڈز کاتعلق، ری پبلیکن اکثریتی ریاست سے ہے، جنہوں نے چند ہی روز پہلے تیسری بار اپنے عہدے کی مدت کا آغاز کیا ہے۔ مسٹر اوباما نے انہیں اپنا ایک رفیق قرار دیا۔

ان کا کہناتھا کہ نہ صرف یہ کہ وہ عوامی خدمت کے جذبے سے سرشار ہیں بلکہ وہ دوسروں کا خیال رکھنے والی خاتون بھی ہیں۔ انہیں اپنے ساتھیوں اور حلقہ انتخاب میں قدر کی نگاہ سے دیکھا جاتا ہے۔

صدر اوباما کو ان کی ہوم لینڈ سیکیورٹی ٹیم اور کئی دوسرے اعلی عہدے داروں نے اس واقعہ کے بارے میں بریفنگ دی۔ انہوں نے ایف بی آئی کے سربراہ کو جائے وقوع پر جانے اور تقتش کرنے کا حکم دیا۔

صدر کا کہنا تھا کہ اس سلسلے میں جامع تحقیقات کی جارہی ہیں اور میری ہدایت پر ڈائریکٹر بوب ملر ، تفتیشی کارروائی میں مدد کے لیے ایری زونا روانہ ہوچکے ہیں۔ میں نے اس سلسلے میں کانگریس کے ڈیموکریٹک اور ری پبلیکن راہنماؤں سے بھی گفتگو کی ہے۔

ہوم لینڈ سیکیورٹی کی وزیر جینٹ نیپالیتانوایری زونا کی سابق گورنر ہیں۔

ریاست کے موجودہ گورنر جن کا تعلق ری پبلیکن پارٹی سے ہیے۔ انہوں نے بھی گفوڈز کو ایک دوست قرار دیتے ہوئے فائرنگ میں ہلاک ہونے والوں کی یاد میں ریاستی پرچم سرنگوں رکھنے کا حکم دیا ہے۔

مسٹر اوباما نے امریکیوں سے کہاہے کہ ان کی انتظامیہ اس واقعہ کی تہہ تک جائے گی اور تمام صورت حال ان کے سامنے لائے گی۔

ایری زونا یونیورسٹی اسپتال کے سرجن ڈاکٹر پیٹر ری نے، جنہوں نے زخمی ہونے والی کانگریس وومن کا آپریشن کیا تھا، کہنا ہے کہ انہیں گفرڈز کے بچ جانے کی توقع ہے۔

ڈاکٹر ری کا کہناہے کہ اسپتال میں 10 زخمی لائے گئے تھے جن میں پانچ کی حالت تشویش ناک ہے اور ایک بچہ ہلاک ہوچکاہے۔

ٹکسان ریاست ایری زونا کے جنوب میں واقع ہے اور وہ میکسیکو کی سرحد سے تقریباً 130 کلومیٹر دور ہے۔

گولی کانشانہ بننے والی رکن کانگریس گذشتہ سال نومبر کے انتخابات میں تیسری مدت کے لیے کامیاب ہوئیں تھیں۔

اطلاعات کے مطابق زخمی ہونے والوں میں ان کے عملے کے ارکان کو بھی شامل ہیں۔

XS
SM
MD
LG