رسائی کے لنکس

سائنس کے شعبہ جات، چار امریکی ایلچیوں کی تعیناتی


فائل
فائل

یہ ممتاز سائنس داں دنیا بھر میں عام شہریوں اور حکومتوں کی سطح پر رابطے استوار کرکے ساجھے داری کے ماحول کو فروغ دیں گے، تعاون کی بہتر راہیں نکالیں گے اور دیگر اقوام کے ساتھ باہمی طور پر سودمند تعلقات کو فروغ دیں گے

چار نامور سائنس داں، یکم جنوری، 2015ء سے ’امریکی ایلچی برائے سائنس‘ کے طور پر خدمات بجا لائیں گے۔ اُن کے نام ہیں: ڈاکٹر پیٹر ہوٹز، ڈاکٹر جین لبشنکو، ڈاکٹر ارجن مجمدار اور ڈاکٹر گیری رچمنڈ۔

محکمہٴخارجہ کی ترجمان کے دفتر سے جمعرات کو جاری ہونے والے ایک اخباری بیان میں کہا گیا ہے یہ اعلان جون 2009ء کے صدر اوباما کی جانب سے قاہرہ میں کیے گئے خطاب کے عین مطابق ہے، جس میں کہا گیا تھا کہ سائنس، ٹیکنالوجی اور جدید ایجادات کو سفارت کاری اور معاشی افزائش کے ذرائع کے طور پر استعمال کیا جائے گا۔

بیان میں کہا گیا ہے کہ اپنے نو پیش روؤں کے نقش قدم پر چلتے ہوئے، یہ ممتاز سائنس داں دنیا بھر میں عام شہریوں اور حکومتوں کی سطح پر رابطے استوار کرکے ساجھے داری کے ماحول کو فروغ دیں گے، تعاون کی بہتر راہیں نکالیں گے اور دیگر اقوام کے ساتھ باہمی طور پر سودمند تعلقات کو فروغ دیں گے۔ اِس کا مقصد سائنس کی سطح پر تعاون کو بڑھاوا دینا اور معاشی خوش حالی کی آبیاری کرنا ہے۔

ترجمان نے بتایا ہے کہ سائنس کے میدان کے یہ ایلچی نجی شہری کے طور پر سفر کریں گے اور وائٹ ہاؤس، محکمہٴخارجہ اور سائنس کے شعبے سے وابستہ برادری کو تعاون سے متعلق ممکنہ مواقع پر مشاورت فراہم کریں گے۔

محکمہٴخارجہ نے نئے سال کے لیے، سمندروں سے متعلق سائنس کے ایلچی کے نام کا بھی اعلان کیا ہے، جس کا مقصد جون 2014ء میں امریکی محکمہ خارجہ میں منعقدہ ’اوشئن کانفرنس‘ کی سفارشات کو عملی شکل دینے میں معاونت کرنا ہے۔

پیٹر ہوٹز ٹیکساس کے ’بیئلر کالج آف میڈیسن‘ میں قائم ’نیشنل اسکول آف ٹراپیکل میڈیسن‘ کے ڈین ہیں۔ وہ عالمی صحت اور ویکسین تیار کرنے کے شعبے میں مہارت رکھتے ہیں؛ اور سعودی عرب اور مراقش پر اُن کا دھیان مرکوز رہے گا۔

جین لبشنکو ’اوریگون یونیورسٹی‘ میں ’میرین باؤلوجی‘ کے ممتاز پروفیسر ہیں۔ سمندر اُن کا مخصوص شعبہ ہیں؛ جب کہ اُن کی مہارت میرین اکولوجی، ماحولیاتی سائنس اور موسم کی تبدیلی ہے۔

ارجن مجمدار، ’اسٹین فرڈ یونیورسٹی‘ کی ’پری کورٹ انسٹی ٹیوٹ فور انرجی‘ میں پروفیسر اور سینئر فیلو ہیں۔ وہ پولینڈ، بالٹک خطے سے متعلق تحقیق پر نگاہ رکھے ہوئے ہیں؛ جب کہ اُن کا شعبہٴمہارت توانائی، موسمیاتی تبدیلی اور ایجادات ہے۔

گیری رچمنڈ، یونیورسٹی آف اوریگون میں کیمسٹری کی پروفیسر ہیں۔ اُن کا شعبہٴمہارت ’سائنس اور خواتین‘ ہے؛ اور تھائی لینڈ، اور نشیبی میکانگ سے متعلق تحقیق اُن کا شعبہ ہیں۔

XS
SM
MD
LG