رسائی کے لنکس

بھارت: رکشا بندھن پر اتر پردیش میں خواتین کے لیے مفت سفر کا اعلان


فائل فوٹو
فائل فوٹو

بھارت کی ریاست اتر پردیش میں ہندوؤں کے تہوار رکشا بندھن کے دن خواتین سرکاری بسوں میں مفت سفر کرسکیں گی۔

ریاست کے وزیرِ اعلیٰ اور ہندو سادھو یوگی ادتیہ ناتھ کا کہنا ہے کہ یہ رکشا بندھن کے موقع پر حکومت کا خواتین کو دیا جانے والا خصوصی تحفہ ہے۔

ان کے بقول خواتین اتر پردیش اسٹیٹ روڈ ٹرانسپورٹ کارپوریشن کی تمام کیٹیگریز کی بسوں میں مفت سفر کر سکیں گی۔

خواتین کو 24 گھنٹے کے لیے بسوں میں مفت سفر کی سہولت اتوار کی رات سے دستیاب ہوگی۔

وزیرِ اعلیٰ نے خواتین کی حفاظت یقینی بنانے کے لیے ریاستی پولیس کو مستعد رہنے اور گشت کی ہدایات جاری کی ہیں۔

حکومت نے پولیس کو عوامی مقامات پر سماجی دوری سے متعلق وضع کردہ قوانین پر عمل درآمد یقینی بنانے کی بھی ہدایات جاری کی ہیں۔

ادھر عوام کے لیے جاری اصولوں کے مطابق اس بار رکشا بندھن کے موقع پر کسی بھی قسم کی عوامی تقریب یا پروگرام کرنے کی اجازت نہیں ہے۔

عوام کو گھروں پر رہ کر رکشا بندھن کا تہوار منانے کی ہدایت کی گئی ہے۔

تاہم تہوار کی مناسبت سے ہفتے اور اتوار کو ہر قسم کی مٹھائی اور راکھی فروخت کرنے والوں کی دکانوں کو کھلا رکھنے کی اجازت دی گئی ہے۔

رپورٹس کے مطابق ریاستی حکم نامے میں کہا گیا ہے کہ عوام کرونا وائرس کی وبا کے پیش نظر ایس او پیز پر سختی سے عمل کریں۔

بھارت سمیت دنیا بھر میں جہاں بھی ہندو موجود ہیں وہ پیر کو رکشا بندھن کا تہوار منائیں گے۔ ہندو مذہب کے مطابق اس دن بہنیں بھائیوں کی لمبی عمر، صحت اور خوش حالی کے لیے خصوصی پوجا کرتی ہیں۔ جب کہ بھائیوں کی کلائی پر راکھی باندھی جاتی ہے۔ بھائی بھی زندگی بھر بہن کی حفاظت کرنے کا وعدہ کرتے ہیں۔

راکھی باندھنے کے موقع پر بہنیں بھائیوں کا منہ میٹھا بھی کراتی ہیں جب کہ بھائی شگون کے طور پر انہیں پیسے دیتے ہیں۔ بہن بھائی کے ماتھے پر تلک یعنی ٹیکہ لگاتی اور اس کی آرتی اتارتی ہے۔

دوسری جانب حکومت مخالف سیاسی رہنماؤں نے مفت سفر کی سہولت کو ریاست میں خواتین کے خلاف ہونے والے جرائم پر پردہ ڈالنے کی ناکام کوشش قرار دیا ہے۔

یوگی ادتیہ ناتھ کی حکومت کو ریاست میں خواتین کے ساتھ زیادتی کے بڑھتے ہوئے واقعات پر سیاسی و عوامی سطح پر سخت تنقید کا سامنا ہے۔ کانگریس کی رہنما پریانکا گاندھی بھی اس حوالے سے وزیر اعلیٰ پر تنقید کر چکی ہیں۔

پریانکا نے وزیرِ اعلیٰ یوگی ادتیہ ناتھ کے نام لکھے گئے خط میں انہیں خواتین کے اغوا، قتل اور زیادتی کے کے بڑھتے ہوئے واقعات کا ذمہ دار ٹھہرایا ہے۔

پریانکا کا کہنا ہے کہ جرائم پیشہ افراد کو قانونی شکنی کرنے کا کوئی خوف نہیں، نہ انہیں انتظامیہ کی پرواہ ہے اور انہیں نہ پکڑے جانےکا خوف ہے۔

وزیراعلیٰ یوگی ادتیہ ناتھ گزشتہ 10 دن سے ایودھیا میں بابری مسجد کے مقام پر رام مندر کے لیے پیش پیش رہنے کے حوالے سے مسلسل تنقید کی زد میں ہیں۔ انہیں سیاسی حلقوں میں مذہب کے حوالے سے نہایت سخت خیالات کا حامی کہا جاتا ہے۔

یوگی ادیتہ ناتھ نے جمعے کو ایک بیان میں عوام سے کہا تھا کہ وہ رام مندر کی تعمیر کے افتتاح کے موقع پر مندروں میں چراٖغ روشن کریں تاکہ اس دن کو یادگار بنایا جاسکے۔

XS
SM
MD
LG