رسائی کے لنکس

وزیرِ اعظم پاکستان کے معاونینِ خصوصی ظفر مرزا اور تانیہ ایدروس مستعفی


وزیرِ اعظم پاکستان کے معاونینِ خصوصی برائے صحت اور ڈیجیٹل پاکستان اپنی ذمہ داریوں سے مستعفی ہو گئے ہیں۔

ڈاکٹر ظفر مرزا اور تانیہ ایدروس نے اپنا استعفیٰ وزیرِ اعظم عمران خان کو پیش کیا جسے منظور کر لیا گیا ہے۔

رواں ماہ 18 جولائی کو کابینہ ڈویژن نے وزیرِ اعظم کے معاونین خصوصی اور 20 مشیروں کے اثاثوں اور دُہری شہریت کی تفصیلات جاری کی تھیں۔ جس کے مطابق وزیرِ اعظم کے چار معاونین خصوصی دُہری شہریت کے حامل ہیں۔ جن میں تانیہ ایدروس بھی شامل تھیں۔

بدھ کو ایک ٹوئٹ میں ڈاکٹر ظفر مرزا نے کہا کہ گزشتہ کچھ عرصے سے اُن کے خلاف منفی پروپیگنڈہ کیا جا رہا تھا۔

اُن کا کہنا تھا کہ وہ وزیر اعظم عمران خان کی دعوت پر عالمی ادارۂ صحت چھوڑ کر پاکستان آئے تھے۔

ڈاکٹر ظفر مرزا کے بقول وہ کافی عرصے سے مستعفی ہونے کا سوچ رہے تھے، صرف کرونا وائرس پر قابو پانے کا انتظار تھا۔

اُن کا کہنا تھا کہ وہ ڈیڑھ سال سے پورے خلوص اور ایمان داری سے اپنا کام کر رہے تھے۔ اس کے باوجود ان پر جھوٹے الزامات عائد کیے جا رہے تھے۔

خیال رہے کہ پاکستان میں ادویات کی قیمتوں میں اضافے کے معاملے پر ڈاکٹروں کی مختلف تنظیموں نے اپریل میں سپریم کورٹ میں ڈاکٹر ظفر مرزا کے خلاف فوجدرای تحقیقات کے لیے درخواست دائر کی تھی۔

درخواست میں موقف اختیار کیا گیا تھا کہ ڈاکٹر ظفر مرزا نے دوا ساز کمپنیوں سے اربوں روپے رشوت لے کر اُنہیں من مانی کی اجازت دی۔ لیکن ڈاکٹر ظفر مرزا نے ان الزامات کی تردید کی تھی۔

ڈاکٹر ظفر مرزا کے خلاف مارچ 2020 میں وفاقی تحقیقاتی ایجنسی (ایف آئی اے) نے دو کروڑ ماسکس کی اسمگلنگ کی شکایت ملنے پر تحقیقات کا آغاز بھی کیا تھا۔

ڈاکٹر ظفر مرزا نے ان الزامات کو مسترد کرتے ہوئے الزام لگانے والوں کے خلاف قانونی چارہ جوئی کا بھی اعلان کیا تھا۔

ڈاکٹر مرزا پر الزام تھا کہ کرونا کے آغاز میں چین کو کروڑوں روپے کے ماسک بھجوا دیے گئے تھے۔

لیکن وزارتِ صحت کا موقف تھا کہ پاکستان میں چینی سفیر کی درخواست پر چھ کمپنیوں کو یہ ماسک برآمد کرنے کی اجازت دی گئی، اس بارے میں ایف آئی اے کی تحقیقات تاحال جاری ہیں۔

ڈاکٹر ظفر مرزا پر سپریم کورٹ ازخود نوٹس کیس کی سماعت کے دوران بھی اعتراضات اٹھائے گئے تھے۔

رواں سال جون میں قومی احتساب بیورو نے سابق وزیر صحت عامر محمود کیانی کے خلاف انکوائری اور معاون خصوصی برائے صحت ڈاکٹر ظفر مرزا کے خلاف شکایت کی جانچ پڑتال کی منظوری دے دی تھی۔

ادھر معاونِ خصوصی برائے 'ڈیجیٹل پاکستان' تانیہ ایدروس نے کہا ہے کہ عوامی مفاد کی خاطر انہوں نے اپنے عہدے سے استعفی دیا ہے۔

وزیرِ اعظم عمران خان کو بھیجے جانے والے استعفی میں تانیہ ایدروس نے مزید لکھا ہے کہ وہ پاکستان میں خدمت کے جذبے سے آئی تھیں۔ لیکن ان کی کینیڈین شہریت کے حوالے سے بہت باتیں کی گئیں۔

ان کا مزید کہنا تھا کہ ان کی پیدائش کینیڈا میں ہوئی اور ان کی کینیڈین شہریت سے متعلق تنازع کھڑا کیا گیا۔

تانیہ ایدروس کے بقول ڈیجیٹل پاکستان کے ویژن میں شہریت جیسے تنازعات رکاوٹ ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ وہ بغیر کسی عہدے کے ڈیجیٹل پاکستان کے ویژن کے لیے کام جاری رکھیں گی۔ وہ ہمیشہ پاکستانی تھیں اور رہیں گی۔

تانیہ ایدروس کا کہنا تھا کہ یہ بدقسمتی ہے کہ پاکستان کی خدمت کرنے کی ایک پاکستانی شہری کی خواہش ایسے مسائل کے پیچھے چھپ جاتی ہے۔

تانیہ ایدروس 'گوگل' میں سینئر ایگزیکٹو کے طور پر کام کر رہی تھیں۔ گزشتہ برس دسمبر میں اُنہوں نے وزیراعظم عمران خان کے ڈیجیٹل پاکستان کے منصوبے کے لیے گوگل سے استعفیٰ دے دیا تھا، گوگل سے مستعفی ہونے کے بعد وہ سنگاپور سے پاکستان پہنچی تھیں۔

واضح رہے کہ دو ہفتے قبل کابینہ ڈویژن کی وزیرِ اعظم کے معاونین خصوصی اور مشیروں کہ دُہری شہریت کی جاری کردہ تفصیلات کے مطابق تانیہ ایدروس کینیڈا کی شہری ہیں جب کہ وہ سنگاپور کی مستقل رہائشی ہیں۔

حزبِ اختلاف کی جماعتوں کے ساتھ ساتھ سوشل میڈیا صارفین حکومت پر تنقید کر رہے ہیں کہ دہری شہریت کے حامل افراد پارلیمان کے رکن منتخب نہیں ہو سکتے لیکن ان کو کابینہ کا رکن بنایا جا رہا ہے۔

حکومتی ردعمل

دونوں معاونین خصوصی کے استعفے کے بعد ان پر ہونے والی تنقید پر وزیراعظم کے معاون خصوصی برائے سیاسی رابطہ کار ڈاکٹر شہباز گل نے ٹوئٹ میں کہا کہ جب کوئی استعفی دے یا اس سے لیا جائے تو میری آپ سے گزارش ہے کہ ان کی تحقیر مت کیا کریں۔

دہری شہریت والے معاونین خصوصی کی تفصیلات

دہری شہریت کا معاملہ رواں سامنے آیا تھا جب کابینہ ڈویژن کی جاری کردہ تفصیلات سامنے آئی تھیں۔

کابینہ ڈویژن کی ویب سائٹ پر موجود تفصیلات کے مطابق، وزیر اعظم کے معاون خصوصی شہباز گل امریکی گرین کارڈ ہولڈر ہیں۔

پیٹرولیم کے معاون خصوصی ندیم بابر 1999 سے امریکی شہریت رکھتے ہیں۔ معاونِ خصوصی اوورسیز پاکستانیز زلفی بخاری مستقل برطانوی شہریت رکھتے ہیں۔

ندیم افضل چن کینیڈا کی شہریت رکھتے ہیں جب کہ معاون خصوصی برائے ڈیجیٹل پاکستان تانیہ ایدروس بھی کینیڈا کی شہری ہیں۔ معاون خصوصی برائے پاور ڈویژن شہزاد سید قاسم بھی امریکی شہریت کے حامل ہیں۔

XS
SM
MD
LG