رسائی کے لنکس

لاہور میں اسموگ کے خاتمے کے لیے مصنوعی بارش کا تجربہ


پاکستان کے شہر لاہور میں پہلی بار اسموگ کے خاتمے کے لیے مصنوعی بارش برسائی گئی ہے۔

نگراں وزیرِ اعلیٰ پنجاب محسن نقوی نے مصنوعی بارش کے تجربے کے بعد ایک پریس کانفرنس کے دوران بتایا کہ لاہور شہر کے 10 سے 15 کلو میٹر کے قطر میں مصنوعی بارش کا منصوبہ تھا جس کے تحت ہلکی پھلکی منصوعی بارش دس مختلف علاقوں میں برسائی گئی ہے۔

محسن نقوی نے کہا کہ مصنوعی بارش کے لیے بادلوں کی مصنوعی ترتیب (کلاوڈ سیڈنگ) کا پہلا سیشن دوپہر میں کیا گیا جس کے تحت لاہور کے علاقوں شاہدرہ اور مریدکے میں بارش برسائی گئی۔

ان کے بقول مصنوعی بارش کے دوران مجموعی طور پر 48 فلیئرز فائر کیے گئے۔

نگراں وزیرِ اعلیٰ پنجاب کے مطابق شہر میں اسموگ کے خاتمے کے لیے مصنوعی بارش کا تجربہ بہت ضروری تھا، جس کے نتائج ہفتہ اور اتوار کی درمیانی شب تک سامنے آئیں گے۔

اُنہوں نے کہا کہ مصنوعی بارش کا تجربہ نیا ہے اور نتائج سامنے آنے کے بعد فیصلہ کیا جائے گا کہ اگلی مرتبہ مصنوعی بارش کب برسانی ہے۔

صوبۂ پنجاب کے بیشتر شہر اور خاص طور پر لاہور شہر گزشتہ کئی روز سے دنیا کے آلودہ ترین شہروں میں شامل ہے۔ جس سے لوگوں میں آنکھوں کے امراض پھیل رہے ہیں۔

نگراں وزیرِ اعلیٰ کے مطابق مصنوعی بارش کے لیے متحدہ عرب امارات نے تعاون کیا تھا اور پنجاب حکومت نے اس پر کوئی خصوصی اخراجات نہیں کیے۔

محسن نقوی کا کہنا تھا کہ مصنوعی بارش کا صحت پر کوئی نقصان نہیں ہے، اگر یہ طریقہ انسانی صحت کے لیے مضر ہوتا تو دبئی اور امریکہ جیسے ممالک کبھی مصنوعی بارش نہ کرتے۔

نگراں وزیرِ اعلیٰ پنجاب کا مزید کہنا تھا کہ اسموگ کے خاتمے کے لیے لاہور شہر میں اسموگ ٹاورز بھی جلد انسٹال ہو جائیں گے۔

فورم

XS
SM
MD
LG