رسائی کے لنکس

تیسرے ون ڈے میں انگلینڈ کو شکست، سیریز آسٹریلیا کے نام


گلین میکسویل کو میچ اور سیریز کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا ہے۔
گلین میکسویل کو میچ اور سیریز کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا ہے۔

آسٹریلیا نے تیسرے ایک روزہ میچ میں دلچسپ مقابلے کے بعد انگلینڈ کو تین وکٹوں سے شکست دے کر سیریز اپنے نام کر لی ہے۔

مانچسٹر میں بدھ کو کھیلے جانے والے میچ میں انگلینڈ نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے مقررہ 50 اوورز میں سات وکٹوں کے نقصان پر 302 رنز بنائے۔ مہمان ٹیم کی جانب سے گلین میکسویل اور الیکس کیری کی شاندار سنچریوں کی بدولت آسٹریلیا نے ہدف دو گیندیں قبل سات وکٹوں پر حاصل کیا۔

ہدف کے تعاقب میں آسٹریلیا کی آدھی ٹیم صرف 73 کے مجموعی اسکور پر پویلین لوٹ گئی تھی۔ کپتان ایرون فنچ 12، ڈیوڈ وارنر 24، مارکس اسٹونس چار، مچل مارش دو اور مارنوس لبسچگنے 20 رنز بنا سکے۔

چھٹی وکٹ پر مڈل آرڈر بلے باز گلین میکسویل اور الیکس کیری نے شاندار اننگز کھیلی اور انگلش بالرز کی ایک نہ چلی۔ دونوں بلے بازوں نے گراؤنڈ کے چاروں اطراف دلکش اسٹروکس کھیلتے ہوئے 212 رنز کی شراکت قائم کی۔

میکسویل نے 90 گیندوں پر 108 رنز کی شاندار اننگز کھیلی۔
میکسویل نے 90 گیندوں پر 108 رنز کی شاندار اننگز کھیلی۔

آسٹریلیا کا مجموعی اسکور 285 تک پہنچا تو میکسویل 90 گیندوں پر 108 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے۔ انہوں نے اپنی اننگز میں سات چھکے اور چار چوکے بھی لگائے۔

الیکس کیری بھی 106 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے جس کے بعد پیٹ کمنس اور مچل اسٹارک نے ٹیم کو کامیابی سے ہمکنار کیا۔

انگلینڈ کی جانب سے کرس ووکس اور جو روٹ نے دو دو جب کہ جوفرا آرچر اور عادل رشید نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔

اس سے قبل انگلینڈ نے جونی برسٹو کے 112، سیم بلنگ 57 اور کرس ووکس کے 53 رنز کی بدولت سات وکٹوں پر 302 رنز بنائے تھے جب کہ تین بلے باز ڈبل فیگر میں بھی شامل نہ ہو سکے تھے۔

میچ اور سیریز میں بہترین کارکردگی پیش کرنے پر آسٹریلیا کے آل راؤنڈر گلین میکسویل کو 'مین آف دی میچ' اور 'مین آف دی سیریز' کے اعزاز سے نوازا گیا۔

یاد رہے کہ تین میچز کی سیریز میں آسٹریلیا نے پہلے اور انگلینڈ نے دوسرے میچ میں کامیابی حاصل کی تھی، سیریز کے فیصلہ کن میچ میں آسٹریلیا نے میزبان ملک کو شکست دے کر ٹرافی اپنے نام کر لی۔

XS
SM
MD
LG