رسائی کے لنکس

داعش کے قیدیوں میں کرونا وائرس کے پھیلاؤ کا خدشہ


ہسکہ، شام (فائل)
ہسکہ، شام (فائل)

شام میں کرد عہدیداروں اور انسانی حقوق کے گروپوں نے انتباہ کیا ہے کہ اگر کرونا وائرس داعش کے ہزاروں قیدیوں میں جو شمال مشرقی شام میں قید ہیں پھیل گیا تو اس سے ہولناک تباہی ہوگی۔

ایسے میں جب دنیا بھر میں کرونا وائرس کی وبا پھیلتی جا رہی ہے، ان عہدیداروں اور انسانی حقوق کے گروپوں کا کہنا ہے کہ اگر اس مہلک بیماری نے داعش کے ہزاروں قیدیوں پر، جو شمال مشرقی شام میں قید ہیں، حملہ کیا تو اس سے ہولناک تباہی پھیل جائے گی۔

شامی ڈیموکرٹیک فورسز، یعنی ایس ڈی ایف کا کہنا ہے کہ اس خطرے کا قوی امکان ہے اس لئے کہ مقامی حکام کے پاس اس وائرس کے حملے کو روکنے کے لئے درکار وسائل موجود نہیں ہیں۔ ڈیموکریٹک فورسز کردوں کی قیادت میں قائم فوجی اتحاد ہے جو شام کے اندر داعش کے خلاف لڑنے میں امریکہ کا ایک بڑا شریک کار رہا ہے۔

اس گروپ کے سنیئر عہدیدار کا کہنا ہے اگر کرونا وائرس داعش کے قید خانوں تک پہنچ گیا تو اسے قابو میں لانا مشکل ہوجائے گا۔ اس وقت 'ایس ڈی ایف' کی قید میں داعش کے کم از کم دس ہزار جنگجو موجود ہیں جن میں سے دو ہزار غیر ملکی ہیں۔

انسانی حقوق کے گروپوں کو خدشہ ہے کہ صاف پانی کی عدم دستیابی، گندگی اور گنجائش سے زائد قیدیوں کی موجودگی کرونا وائرس کے پھیلاؤ کا سبب بن سکتی ہے۔

وائس آف امریکہ کے لئے شیروان گجو کی رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ واشنگٹن میں قائم جنگی مطالعے کے انسٹیٹوٹ میں مشرق وسطٰی کے امور کے ایک ماہر نیکولس ہرات کا کہنا ہے کہ داعش کے لئے مخصوص قید خانوں میں جو حالات ہیں ان کے پیش نظر کرونا وائرس کے پھوٹ پڑنے کا خدشہ تصوراتی نہیں بلکہ حقیقی نوعیت کا ہے۔

سوموار کے دن دمشق میں حکام نے بتایا ہے کہ جنگ سے تباہ حال ملک میں کرونا سے دوسری موت واقع ہوچکی ہے۔ تاہم، کرد عہدیداروں نے شکایت کی ہے کہ شمال مشرقی شام میں ان کے کنڑول والے علاقوں میں کرونا وائرس کا مقابلہ کرنے کے لئے وہ تنہا رہ گئے ہیں۔

شامی ڈیموکریٹک فورس نے الزام لگایا ہے کہ اقوام متحدہ جیسی بین الااقوامی تنظیموں کی جانب سے موصول ہونے والی امداد پر دمشق نے اجارہ داری قائم کر رکھی ہے۔

کرد فوجی حکام نے بین الااقوامی برداری سے اپیل کی ہے کہ شام میں داعش کے قیدیوں کا مستقل حل تلاش کرنے میں مدد کی جائے۔ ایمنسٹی انٹرنیشنل نے بھی عالمی برداری سے کہا ہے کہ ان قیدیوں کے لئے انصاف کے بین الااقوامی تقاضوں کو پورا کیا جائے۔

تاہم، جبکہ کرونا وائرس کی وبا تیزی سے دنیا بھر میں اپنے پنجے گاڑ رہی ہے تجزیہ کار کہتے ہیں کہ شام کے اندر داعش کے قید خانوں میں منڈلاتے ہوئے بحران پر فوری توجہ دی جائے۔ ان کا کہنا ہے کہ بہت زیادہ تاخیر خوفناک انسانی تباہی کا سامان پیدا کرسکتی ہے اور معاملات ہاتھ سے نکل سکتے ہیں۔

XS
SM
MD
LG