رسائی کے لنکس

بھارت:کرونا وائرس مریضوں کے بلڈ سیمپل بندر نے چھین لیے


فائل فوٹو
فائل فوٹو

بھارت میں بندر شہروں اور بستیوں میں عام دکھائی دیتے ہیں اور گھروں سے چیزیں چرا کر یا چھین کر بھاگ جاتے ہیں، جس سے بعض اوقات دلچسپ واقعات بھی پیش آتے ہیں۔

این ڈی ٹی وی کی ایک رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ ایک بندر نے ایک میڈیکل سکول کے کیمپس میں ایک لیبارٹری ٹیکنیشن پر حملہ کیا اور اس سے مریضوں کے خون کے نمونے چھین کر بھاگ گیا۔ خون کے یہ نمونے کرونا انفکشن میں مبتلا مریضوں کے تھے۔

یہ واقعہ چند روز قبل بھارت کی شمالی ریاست اتر پردیش کے لالہ راجپت رائے میموریل میڈیکل کالج میں پیش آیا، جس کا اعتراف ایک سرکاری بیان میں کیا گیا ہے۔

اس واقعے کے بعد مقامی لوگوں میں تشویش پائی جاتی ہے اور ان کا کہنا ہے کہ علاقے میں کرونا وائرس کے پھیلاؤ کا خطرہ بڑھ گیا ہے، جو پہلے ایک بندر سے دوسرے بندروں اور پھر انسانوں کو منتقل ہو سکتا ہے۔ اتر پردیش میں 12 جون کو کرونا کے تصدیق شدہ مریضوں کی تعداد 12 ہزار سے زیادہ ہے۔

کرونا وائرس کے انسانوں سے جانوروں میں منتقل ہونے کے شواہد موجود ہیں۔

اپریل میں نیویارک کے برانکس چڑیا گھر میں پانچ چیتے اور تین شیر کرونا وائرس میں مبتلا ہو گئے تھے۔ جنگلی حیات کے تحٖفظ کے لیے کام کرنے والے ایک گروپ کے مطابق انہیں یہ وائرس چڑیا گھر کے ایک ایسے ملازم سے لگا تھا جس میں بظاہر علامتیں نہیں تھیں۔

اسی طرح، امریکہ میں دو پالتو بلیوں اور ایک پالتو کتے میں بھی وائرس کی تصدیق ہوئی تھی، انہیں یہ وائرس سے انسانوں سے منتقل ہوا تھا۔

میڈیکل کالج کے پرنسپل ایس کے گارگ کی طرف سے جاری ہونے والے ایک بیان میں کہا گیا ہے کہ خون کے یہ نمونے کرونا کے مریضوں سے ان کے علاج کے دوران لیے گئے تھے۔ ان کا مزید کہنا تھا کہ ایسے کوئی شواہد موجود نہیں ہیں کہ متاثرہ شخص کے بلڈ سمپل سے وائرس کسی جانور کو منتقل ہوا ہو، کیونکہ کرونا وائرس مریض کے سانس لینے اور چھینکنے سے خارج ہونے والے بخارات سے پھیلتا ہے، جس میں وائرس موجود ہوتا ہے۔

ٹائمز آف انڈیا کی رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ میڈیکل کالج کے حکام اس بارے میں تحقیقات کر رہے ہیں اور ٹیکنیشن سے پوچھا گیا ہے کہ بندر اس سے خون کے سمپل کس طرح چھین کر بھاگنے میں کامیاب ہوا۔ اور اس نے بندر کا مقابلہ کرنے کی بجائے فون پر اس کی ویڈیو بنانے کو کیوں ترجیج دی اور اس واقعہ کی فوری طور پر حکام کو اطلاع کیوں نہیں دی۔

بلڈ سمپل چھیننے والے بندر کی ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہو چکی ہے۔

بھارت میں بندر کو ایک مقدس جانور سجھا جاتا ہے، اور انہیں روکا ٹوکا نہیں جاتا۔ دنیا کے سات عجائبات میں شامل تاج محل کے آس پاس بھی بڑی تعداد میں بندر گھومتے پھرتے نظر آتے ہیں جو سیاحو ں سے ان کی چیزیں چھین کر بھاگ جاتے ہیں۔

XS
SM
MD
LG