رسائی کے لنکس

امریکہ کو مطلوب دو ملزمان پاکستان میں گرفتار


فائل فوٹو
فائل فوٹو

پاکستان کے وفاقی تحقیقاتی ادارے (ایف آئی اے) نے امریکہ کے فیڈرل بیورو آف انویسٹی گیشن (ایف بی آئی) کو مطلوب دو پاکستانی نژاد امریکی شہریوں کو گرفتار کیا ہے۔ دونوں ملزمان کی گرفتاری میں مدد پر ایف بی آئی نے بھاری انعام بھی مقرر کیا ہوا ہے۔

لاہور میں ایف آئی اے کے سائبر کرائم ونگ نے پاکستانی نژاد امریکیوں وقار گھمن اور محسن ضمیر کو ہفتے کی شب گرفتار کیا تھا۔ جنہیں مقامی عدالت میں پیش کر کے دو روزہ جسمانی ریمانڈ حاصل کیا گیا۔ ایف آئی اے ملزمان کی گرفتاری کو بڑی کامیابی قرار دے رہی ہے۔

پنجاب میں ایف آئی اے کے زون دوم کے ڈائریکٹر ہیڈ کوارٹرز عبد الرب چوہدری کے مطابق ایف آئی اے کے سائبر ونگ کی کارروائی میں امریکہ کو مطلوب دو ملزمان گرفتار کیے گئے ہیں۔ جنہوں نے امریکہ میں بینک لوٹا تھا۔

وائس آف امریکہ سے گفتگو میں عبدالرب چوہدری نے بتایا کہ دونوں ملزمان وقار گھمن اور محسن ضمیر کو لاہور میں واردات کرتے ہوئے رنگے ہاتھوں گرفتار کیا گیا تھا۔

گرفتاری کی تفصیل بتاتے ہوئے ڈائریکٹر ایف آئی اے نے کہا کہ اُن کی سائبر کرائم ونگ کو خفیہ اطلاع موصول ہوئی تھی کہ لاہور میں ایک واردات ہو رہی۔ جس پر ایف آئی اے نے فوری طور پر ٹیم تشکیل دیتے ہوئے موقع پر پہنچ کر ملزمان کو حراست میں لیا۔

ان کے مطابق ایک ملزم وقار گھمن کو ایف آئی اے کی ٹیم نے دوران واردات گرفتار کیا جب کہ تفتیش کے دوران لیپ ٹاپ اور اشیا سے اِس کے دوسرے ساتھی محسن ضمیر کا سراغ ملا۔

ان کے بقول محسن ضمیر کو بھی ایف آئی اے نے ڈرامائی انداز میں گرفتار کیا۔

ڈائریکٹر ایف آئی اے کا کہنا تھا کہ گرفتار ہونے والے ملزم وقار گھمن نے نشان دہی کی تھی کہ اس کا دوسرا ساتھی اسپتال میں زیرِ علاج ہے۔

عبدالرب چوہدری نے مزید بتایا کہ جسمانی ریمانڈ کے دوران ایف آئی اے ملزمان سے مزید وارداتوں اور دیگر کارروائیوں سے متعلق معلومات حاصل کرے گی جب کہ تفتیش مکمل ہونے پر ان کے خلاف چلان عدالت میں جمع ہو گا۔

انہوں نے کہ دونوں ملزمان نے امریکی میں بینک ڈکیتی کے بعد پاکستان پہنچے۔

ملزمان کی پاکستان آمد کے حوالے سے ان کا کہنا تھا کہ دونوں ملزمان امریکہ سے میکسیکو گئے۔ اس کے بعد برازیل اور وہاں سے انسانی اسمگلنگ کرنے والے گروہ کی مدد سے پاکستان پہنچے۔

ان کا کہنا تھا کہ دونوں ملزمان کو امریکہ کے حوالے کیا جائے گا یا نہیں یہ حکومت کا فیصلہ ہے۔ ایف آئی اے خود سے کسی بھی ملزم کو امریکہ کی حکومت کے حوالے نہیں کر سکتی اور نہ ہی ایف آئی اے نے اِس گرفتاری سے متعلق ایف بی آئی کو مطلع کیا ہے۔

امریکی تحقیقاتی ادارے ایف بی آئی نے دونوں ملزمان کی گرفتاری پر 30 ہزار امریکی ڈالرز کا انعام مقرر کیا ہوا ہے جب کہ ملزمان وقار گھمن اور محسن ضمیر کے فیڈرل اریسٹ وارنٹ جاری کیے جا چکے ہیں۔

ایف بی آئی کی ویب سائٹ سے یہ بات سامنے آئی ہے کہ دونوں ملزمان نے نیویارک میں 8 جنوری 2016 کو ایک بینک میں مسلح ڈکیتی کی تھی۔ ملزمان کے 14 فروری 2017 کو گرفتاری کے وارنٹ جاری ہوئے تھے۔

ویب سائٹ پر ملزمان کے بارے دستیاب معلومات کے مطابق 31 سالہ وقار گھمن نیویارک میں ٹرک ڈرائیور تھے جب کہ 35 سالہ محسن ضمیر آئی ٹی اسپیشلسٹ ہیں۔

ایف بی آئی نے ملزمان سے متعلق خبردار کیا ہے کہ دونوں ملزمان مسلح اور خطرناک ہو سکتے ہیں۔ اِن دونوں کے بارے میں اطلاع ایف بی آئی کے دفتر یا قریب ترین امریکی سفارت خانے یا قونصل خانے میں دی جا سکتی ہے۔

رپورٹس کے مطابق دونوں ملزمان کا تعلق پاکستان میں پنجاب کے ضلع سرگودھا سے ہے۔

XS
SM
MD
LG