نیا کے مشہور سرچ انجن گوگل پر پاکستان میں 2019 میں غیر ملکی فلمیں اور پاکستانی ڈرامے سب سے زیادہ تلاش کیے گئے۔
گوگل کی جاری کردہ فہرست کے مطابق پاکستان میں سب سے زیادہ 'ایونجرز: اینڈ گیم' کو سرچ کیا گیا۔ یہ سپر ہیرو فلم رواں برس اپریل میں امریکہ میں ریلیز ہوئی تھی جبکہ باکس آفس پر فلم دو کروڑ 79 لاکھ ڈالرز سے زائد کا کاروبار کر چکی ہے۔
دوسرے نمبر جو انٹرٹیمنٹ کا پروگرام پاکستان میں گوگل کیا گیا وہ بھارت کا مشہور شو 'بگ باس' تھا یہ نومبر میں ٹی وی پر آنا شروع ہوا ہے جبکہ یہ شو کا 13 واں سیزن ہے۔
'عہد وفا' پاکستان کی فوج کے شعبہ تعلقات عامہ کے تعاون سے بنایا گیا ڈرامہ ہے۔ تیسرے نمبر پر پاکستان میں سب سے زیادہ گوگل پر اسی ڈرامے سے متعلق سرچ کیا گیا۔
اس کے بعد نجی ٹی وی چینل کا ڈرامہ 'سنو چندا' کی تلاش کے لیے گوگل سرچ انجن استعمال ہوا۔
'سنو چندا' کا یہ دوسرا سیزن تھا پہلا سیزن مئی-جون 2018 میں پیش کیا گیا تھا جب کہ اس کا دوسرا سیزن رواں سال مئی جون میں سامنے آیا۔دونوں سیزنز میں 30، 30 اقساط تھیں۔
پانچویں نمبر پر پاکستان میں گوگل پر بالی وڈ کی فلم 'کبیر سنگھ' سرچ کی گئی۔ یہ فلم جون میں ریلیز ہوئی تھی۔ جبکہ اس فلم کو شاہد کپور کی سب سے زیادہ کمائی کرنے والی فلم بھی قرار دیا گیا ہے۔
اسی طرح سال کے آغاز میں ریلیز ہونے والی فلم 'کیپٹن مارول' بھی پاکستان میں سرچ انجن کے اولین نمبروں کا حصہ ہے۔
چھٹے نمبر پر سرچ کی جانے والی یہ فلم باس آفس پر ایک ارب 12 کروڑ ڈالرز سے زیادہ بزنس کرنے میں کامیاب ہوئی۔
کئی تنازعات کا باعث بننے والا ڈرامہ 'میرے پاس تم ہو' ساتویں نمبر پر سرچ کیا جانے والا موضوع ہے۔ اگست میں شروع ہونے والا ڈرامہ کئی تنازعات کے باعث جلد شہرت حاصل کر گیا اور آغاز کے ساتھ ہی موضوع بحث رہا۔
بچوں میں مشہور 'موٹو پتلو' کے نام سے سامنے آنے والی اینیمیٹڈ سیریز بھی گوگل میں اولین نمبروں میں رہی۔ 'موٹو پتلو' سیریز 2012 میں بھارت میں پہلی بار نشر ہوئی اس کے سامنے آنے کے ساتھ ہی بچوں میں بہت شہرت حاصل کی۔ رواں برس اس کا چوتھا سیزن سامنے آیا ہے۔
نجی ٹی وی چینل پر ہفتے میں پانچ دن دکھائے جانے والے ڈرامہ سیریز 'بھروسہ پیار تیرا' پاکستان میں نویں نمبر پر سب سے زیادہ سرچ کیا گیا۔
اس ڈرامہ سیریز کی 72 اقساط جون سے ستمبر کے درمیان نشر کی گئیں۔
بالی وڈ کی فلم 'گلی بوائے' پاکستان میں سرچ انجن کی فہرست میں 10ویں نمبر پر رہی۔
یہ فلم سال کے آغاز میں ریلیز کی گئی تھی۔ اس فلم نے 200 کروڑ سے زیادہ کا بزنس کیا تھا۔