رسائی کے لنکس

کاملا ہیرس کا میکسیکو سرحد کا دورہ، تارکین وطن کے مسائل سمجھنے کی کوشش


امریکی نائب صدر کاملا ہیرس میکسیکو سرحد پر کسٹم اور سیکیورٹی حکام سے بات کر رہی ہیں۔ 25 جون 2021
امریکی نائب صدر کاملا ہیرس میکسیکو سرحد پر کسٹم اور سیکیورٹی حکام سے بات کر رہی ہیں۔ 25 جون 2021

امریکی نائب صدر کاملہ ہیرس جمعے کے روز امریکہ اور میکسیکو کی سرحد کے دورے پر ہیں۔ امریکہ کی پہلی خاتون نائب صدر کا عہدہ سنبھالنے کے بعد وہ پہلی مرتبہ اس صورتِ حال کا جائزہ لے رہی ہیں جسے عشروں میں تارکینِ وطن کی تعداد میں سب سے زیادہ اضافہ سمجھا گیا ہے۔

ان کے دورے کو اس صورتِ حال پر بائیڈن انتظامیہ کے ردِ عمل کے طور پر دیکھا جا رہا ہے۔

ٹیکسس کے شہر ایل پاسو کے دورے کے موقع پر ہوم لینڈ سیکیورٹی کے وزیر ایل ہانڈرو میورکز بھی ان کے ہمراہ تھے۔ اس سے پہلے وہ سینیٹر اور کیلی فورنیا کی اٹارنی جنرل کی حیثیت سے اس جنوبی سرحد کا دورہ کر چکی ہیں۔

اگرچہ وہائٹ ہاؤس نے کہا ہے کہ ان کا دورہ سیاسی نوعیت کا نہیں ہے مگر اس سے پہلے ری پبلکن قانون ساز ان پر سخت تنقید کر رہے تھے کہ وہ نائب صدر کے طور پر اس اہم مسئلے کا خود جائزہ نہیں لے رہیں۔

اس ماہ کے شروع میں ہیرس نے گوئٹے مالا کا دورہ کیا تھا جہاں انہوں نے یہ بتانے کی کوشش کی تھی کہ بائیڈن انتظامیہ ترکِ وطن کی اصل وجہ پر توجہ کا عزم کئے ہوئے ہے۔ وہائٹ ہاؤس ہنڈراس، ایل سلواڈور اور گوئٹے مالا کے ممالک کے اقتصادی اور سیکیورٹی کے مسائل سے نمٹنے کے لئے کئی ارب ڈالر کا امدادی پیکیج تجویز کر رہا ہے۔

بظاہر ان تینوں ملکوں سے تارکینِ وطن کی ایک بڑی تعداد کے امریکی سرحد پر پہنچنے کی وجہ سے امریکہ کو اس مسئلے پر بھر پور توجہ دینا پڑی ہے کیونکہ یو ایس کسٹمز اینڈ بارڈر کنٹرول یا سی بی پی نامی ادارے کے اعداد و شمار سے ظاہر ہوا ہے کہ مئی کے مہینے میں ایک لاکھ 80 ہزار 34 تارکینِ وطن کو امریکہ اور میکسیکو کی سرحد پر پکڑا گیا۔ جب کہ اس سے پہلے اپریل کے مہینے میں یہ تعداد 178,622 تھی۔ان میں زیادہ تر نوجوان تھے جو امریکہ میں داخل ہونا چاہتے تھے۔

کاملا ہیرس کی آمد کے موقع پر لوگوں کی ایک بڑی تعداد بینرز کے ساتھ وہاں موجود تھی۔ 25 جون 2021
کاملا ہیرس کی آمد کے موقع پر لوگوں کی ایک بڑی تعداد بینرز کے ساتھ وہاں موجود تھی۔ 25 جون 2021

مئی کے مہینے میں سی بی پی نے ایک لاکھ 12 ہزار سے زیادہ غیر ملکیوں کو ٹائیٹل 42 نامی ان ہدایات کے تحت سرحد سے ہٹایا جو صدر ٹرمپ نے طے کی تھیں اور جن کے تحت سی بی پی کو کرونا وائرس کی وبا کے پیشِ نظر غیر قانونی تارکینِ وطن کو ملک میں داخل ہونے سے روکنے کا اختیار تھا۔

مگر صدر بائیڈن کے اقتدار میں آنے کے بعد بائیڈن انتظامیہ نے ان ہدایات میں ترمیم کر کے کم عمر بچوں کو خاندان کے بغیر اور چھوٹے بچوں کے ہمراہ آنے والے خاندانوں کو امریکہ میں پناہ حاصل کرنے کی کوشش کی اجازت دے دی۔ جس کے بعد مئی میں امریکی حکام کو 10 ہزار سے زیادہ ایسے بچوں سے نمٹنا پڑا جن کے ساتھ خاندان کا کوئی بڑا فرد نہیں تھا۔ اپریل میں یہ تعداد 13 ہزار 9 سو سے بڑھ گئی تھی۔

23 جون تک امریکہ کے محکمہ ہوم لینڈ سیکیورٹی کی تحویل میں ایسے بچوں کی تعداد 16 ہزار کے قریب ہو گئی ہے۔

اپنے دورے کے موقع پر کاملہ ہیرس کو ایل پاسو میں امریکی فوج کی فورٹ بلس نامی بیس پر ایک ہنگامی شیلٹر میں رکھے گئے ان بچوں سے ملنے کا بھی موقع ملے گا۔

میکسیکو امریکہ سرحد پر واقع ایک کسٹم پوسٹ، 25 جون 2021
میکسیکو امریکہ سرحد پر واقع ایک کسٹم پوسٹ، 25 جون 2021

متعدد نیوز رپورٹس میں اس تنصیب پر غیر انسانی اور انتہائی افسوسناک حالات کی تفصیل بیان کی گئی ہے

اس ہفتے کے شروع میں بی بی سی کی ایک رپورٹ میں وہاں گنجائیش سے زیادہ بچوں کو رکھے جانے، متعدی امراض کے لئے صحت کی سست اور ناکافی سہولتوں اور صاف کپڑوں اور مناسب غذا کی قلت کی تفصیل بیان کی گئی تھی۔

عدالت میں دی گئی درخواستوں میں ترکِ وطن کرنے والے ان بچوں میں جسمانی اور جذباتی نوعیت کی سخت مایوسی اور پریشانی کا ذکر کیا گیا ہے جو ان نو عمر بچوں میں خودکشی کے خطرے کا باعث بھی بنی ہے۔

اس ماہ کے شروع میں عدالت میں فائل کی گئی دستاویزات میں ہنڈراس سے تنہا آنے والے ایک 13سالہ تارک وطن نے بتایا،

" مجھے نائلون کے ایک بڑے سفید خیمے میں رکھا گیا جو اتنا ٹھنڈا تھا کہ ہم اسے فریزر کہتے تھے۔ بہت مرتبہ ہمیں ایسی مرغی کھانے کو دی گئی جو پوری طرح پکی ہوئی بھی نہیں تھی۔ ایک مرتبہ تو اس میں سے پر بھی پوری طرح الگ نہیں کئے گئے تھے"۔

فورٹ بلس کی اس تنصیب پر پہلے پہل یہ مائیگرینٹ بچے ٹرمپ انتظامیہ کے دور میں رکھے گئے تھے۔

بدھ کے روز ہوم لینڈ سیکیورٹی کے ایک ترجمان نے بتایا ہے کہ ان کے محکمے نے فورٹ بلس اور دیگر تمام ہنگامی مراکز پر صورتِ حال بہتر بنانے کے لئے اقدامات کئے ہیں۔

وائس آف امریکہ کو ایک ای میل میں ترجمان نے بتایا ہے کہ اب بچوں کو بہتر کھانا دیا جا رہا ہے اور فورٹ بلس اور دیگر تمام ہنگامی مراکز پر ذہنی صحت کے 50 سے زیادہ ماہرین تعینات کر دیے گئے ہیں۔

کاملا ہیرس سرحدی محافظوں سے بات کر رہی ہیں۔ 25 جون 2021
کاملا ہیرس سرحدی محافظوں سے بات کر رہی ہیں۔ 25 جون 2021

امریکی قانون کے تحت، اپنے ملکوں میں نسل، مذہب، قومیت، سیاسی نظریات یا کسی مخصوس گروپ سے وابستگی پر امتیازی سلوک اور جبر کا شکار ہونے والے لوگوں کو اسائلم یا پناہ فراہم کی جا سکتی ہے

مگر پناہ کی تمام درخواستیں سرحد پر پہنچنے والے لوگوں ہی کی طرف سے نہیں دی جاتیں بلکہ وہ لوگ بھی جو کسی طرح امریکہ میں داخل ہو جاتے ہیں، ایک سال کے اندر اندر پناہ کی درخواست دے سکتے ہیں یا بے دخلی سے بچنے کے لئے عدالت سے رجوع کر سکتے ہیں۔

امریکہ کی سراکیوز یونیورسٹی میں امیگریشن کورٹس کے اعداد و شمار کے تحقیقی سنٹر کے مطابق 2021 میں اسائلم کے 15320 کیسز نمٹائے گئے جن میں سے 10578 کیسز مسترد جب کہ صرف 4,488 کے حق میں فیصلہ دیا گیا۔

امریکہ کی میکسیکو سے ملنے والی اس سرحد پر تارکینِ وطن کے ہجوم کو روکنے کے لئے سابق صدر ٹرمپ نے ایک دیوار کی تعمیر شروع کی تھی۔

مگر صدر بائیڈن نے منصبِ صدارت سنبھالتے ہی اس کی تعمیر روک دی تھی اور دو ارب ڈالر کے وہ فنڈز بھی واپس کر دیے تھے جو سابق صدر ٹرمپ نے اس مقصد کے لئے امریکی محکمہ دفاع پنٹاگان سے حاصل کئے تھے۔

لیکن اب ہوم لینڈ سیکیورٹی کے وزیر میورکز نے کانگریس میں ایک بیان میں کہا ہے کہ بائیڈن انتظامیہ اس دیوار کی تعمیر کا دوبارہ جائزہ لے رہی ہے تاکہ سرحد کی بہتر حفاظت کو یقینی بنایا جا سکے۔

XS
SM
MD
LG