رسائی کے لنکس

اقبال قاسم پی سی بی کرکٹ کمیٹی کے سربراہ مقرر


کرکٹ کمیٹی چیئرمین پی سی بی احسان مانی کو کرکٹ سے متعلق امور پر تجاویز پیش کرے گی۔ (فائل فوٹو)

پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) نے سابق ٹیسٹ اسپنر اقبال قاسم کو کرکٹ کمیٹی کا سربراہ مقرر کر دیا ہے۔

پی سی بی کے مطابق 50 ٹیسٹ اور 15 ایک روزہ میچز میں پاکستان کی نمائندگی کرنے والے اقبال قاسم کی سربراہی میں قائم کردہ کرکٹ کمیٹی کے ارکان میں سابق کرکٹر وسیم اکرم ، عمر گل، عروف ممتاز اور علی نقوی شامل ہیں جب کہ وسیم خان اور ذاکر خان کو بطور کو ممبر نامزد کیا ہے۔

پی سی بی کے مطابق عمر گل کو بطور نمائندہ ڈومیسٹک کرکٹرز، خواتین کرکٹ ٹیم کی چیف سلیکٹر عروج ممتاز کو بطور نمائندہ ویمنز کرکٹ اور علی نقوی کو بطور نمائندہ میچ آفیشلز شامل کیا گیا ہے۔

پی سی بی کا کہنا ہے کہ کرکٹ کمیٹی کا اجلاس سہہ ماہی بنیادوں پر طلب کیا جائے گا اور رواں سال ہونے والے پہلے اجلاس سے متعلق تفصیلات جلد جاری کی جائیں گی۔

کرکٹ کمیٹی کرے گی کیا؟

کرکٹ کمیٹی چیئرمین پی سی بی احسان مانی کو کرکٹ سے متعلق امور پر تجاویز پیش کرے گی، جس میں قومی کرکٹ ٹیموں کی کارکردگی، ڈومیسٹک کرکٹ اسٹرکچر، ہائی پرفارمنس سینٹرز اور پلیئنگ کنڈیشنز جیسے امور شامل ہیں۔

کمیٹی کو اختیار ہوگا کہ وہ متعلقہ فرد کی کارکردگی کا جائزہ لینے کی غرض سے اُنہیں اجلاس میں طلب کر سکتی ہے۔

پی سی بی کرکٹ کمیٹی کے سربراہ اقبال قاسم کا کہنا ہے کہ وہ یہ اہم ذمہ داری دینے پر پی سی بی کے مشکور ہیں اور وہ اپنے کرکٹ اور کارپوریٹ تجربے کی روشنی میں بہترین نتائج دینے کی کوشش کریں گے۔

اقبال قاسم نے کہا کہ کرکٹ کمیٹی میں شامل تمام ارکان کسی نہ کسی طرح کھیل سے جڑے ہوئے ہیں۔ باصلاحیت ارکان کی مشاورت کے ساتھ کھیل سے متعلق بہترین تجاویز تیار کریں گے۔

یاد رہے کہ اقبال قاسم اس سے قبل بھی پاکستان کرکٹ بورڈ میں اہم ذمہ داریاں ادا کر چکے ہیں جس میں قومی کرکٹ ٹیم کے منیجر اور چیف سلیکٹر کے عہدے پر تعیناتی سمیت وہ ڈومیسٹک ٹورنامنٹ مانیٹرنگ کمیٹی کے رکن بھی رہ چکے ہیں۔

وسیم اکرم:

کرکٹ کمیٹی میں شامل وسیم اکرم پاکستان کرکٹ ٹیم کی قیادت کر چکے ہیں۔ وہ آئی سی سی ہال آف فیم کے رکن بضی ہیں۔

وسیم اکرم نے پاکستان کی جانب سے 104 ٹیسٹ اور 356 ایک روزہ میچوں میں مجموعی طور پر 916 وکٹیں حاصل کیں۔ 2003 میں انٹرنیشنل کرکٹ سے ریٹائر ہونے والے وسیم اکرم نے بین الاقوامی کرکٹ میں 6615 رنز بنائے۔ وسیم اکرم کا شمار کرکٹ کی دنیا کے چند انتہائی معتبر کمنٹیٹرز میں ہوتا ہے۔

عمر گل:

پاکستان کرکٹ ٹیم کے سابق فاسٹ بالر عمر گل نے 2003 اور 2016 تک انٹرنیشنل کرکٹ میں پاکستان کی نمائندگی کی۔ انہوں نے 47 ٹیسٹ، 130 ایک روزہ اور 60 ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل میچوں میں بالترتیب 163، 179 اور 85 وکٹیں حاصل کیں۔

عمر گل موجودہ ڈومیسٹک کرکٹ میں بھی بطور کھلاڑی شرکت کر رہے ہیں۔ حالیہ ڈومیسٹک سیزن میں عمر گل بلوچستان کی نمائندگی کر رہے ہیں۔

عروج ممتاز:

عروج ممتاز نے 2004 سے 2010 تک پاکستان خواتین کرکٹ ٹیم کی نمائندگی کی۔ انہوں نے ایک ٹیسٹ، 38 ایک روزہ اور نو ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل میچوں بالترتیب 2، 36 اور 6 وکٹیں حاصل کیں۔

عروج ممتاز آئی سی سی ویمنز ورلڈکپ 2009 میں پاکستان کی قیادت بھی کر چکی ہیں۔

علی نقوی:

علی نقوی اس وقت پی سی بی میچ ریفری کے ایلیٹ پینل کا حصہ ہیں۔ انہوں نے پانچ ٹیسٹ اور 115 فرسٹ کلاس میچوں میں بالترتیب 242 اور 5881رنز بنائے۔ انہوں نے اپنے ٹیسٹ ڈیبیو میں جنوبی افریقہ کے خلاف سنچری اسکور کی تھی۔

فیس بک فورم

XS
SM
MD
LG