رسائی کے لنکس

تنازع کشمیر پر عمران خان کے بیان نے مایوس کیا ہے، امیر جماعت اسلامی


جماعت اسلامی کے امیر سراج الحق اسلام آباد میں کشمیر مارچ سے خطاب کر رہے ہیں۔ 22 دسمبر 2019
جماعت اسلامی کے امیر سراج الحق اسلام آباد میں کشمیر مارچ سے خطاب کر رہے ہیں۔ 22 دسمبر 2019

جماعت اسلامی کے امیر سراج الحق نے کہا ہے کہ بھارت کی جانب سے کشمیر کی خصوصی حیثیت کے خاتمے اور بنیادی حقوق سلب کیے جانے پر اقوام متحدہ کا ردعمل مایوس کن ہے۔ انہوں نے کہا کہ ان حالات میں کشمیر کی آزادی کے لیے جہاد کے علاوہ کوئی راستہ باقی نہیں رہا ہے۔

اسلام آباد میں جماعت اسلامی کے کشمیر مارچ سے خطاب کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ بھارت نے پاکستان کے خلاف اعلان جنگ کر رکھا ہے جب کہ ہمارے وزیراعظم کہتے ہیں کہ لائن آف کنٹرول کی جانب جانے والا پاکستان کا غدار ہو گا۔ انہوں نے کہا کہ عمران خان کے اس بیان نے قوم میں مایوسی کی ایک نئی لہر دوڑا دی ہے۔

سراج الحق نے کہا کہ موجودہ حالات میں حکومت پر فرض ہے کہ وہ کشمیر کے لیے جہاد کا اعلان کرے۔ انہوں نے کہا کہ "سکول کالج کے طالب علم کشمیر کے لیے جہاد کریں اور جنہیں جنگ کے لیے تیار کیا ہے وہ اسلام آباد میں رہیں ایسا نہیں ہونا چاہئے۔"

جماعت اسلامی کے امیر نے مطالبہ کیا کہ حکومت پاکستان لائن آف کنٹرول پر لگی باڑ کو ہٹانے کے لیے عملی اقدمات کرے اور محصور کشمیریوں کی مدد کے لیے اقوام متحدہ کے تحت خصوصی فنڈ کا قیام عمل میں لایا جائے۔

انہوں نے کشمیر پر اسلام آباد میں اسلامی سربراہی کانفرنس کے انعقاد اور بھارت کے لیے اپنی فضائی حدود کی مکمل بندش کا مطالبہ بھی کیا۔

امیر جماعت اسلامی سراج الحق نے کہا کہ کشمیر پر حکمرانوں کا عمل مشکوک ہو گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ کشمیر نعروں سے نہیں جہاد سے آزاد ہو گا اور کشمیر پر سودے بازی کی گئی تو ہمارا ہاتھ حکمرانوں کے گریبانوں میں ہو گا۔

کشمیر مارچ کے شرکا اپنے رہنماؤں کی تقریریں سن رہے ہیں۔
کشمیر مارچ کے شرکا اپنے رہنماؤں کی تقریریں سن رہے ہیں۔

مشرف کی پھانسی عوام کا مسئلہ نہیں!

جماعت اسلامی کے امیر کا کہنا تھا کہ حکومت نے جس انداز میں آرمی چیف کی مدت میں توسیع کا اقدام کیا، اسے ملک کے چوک و چوراہوں اور بیرونی دنیا میں ایک لطیفے کے طور پر لیا گیا۔ انہوں نے کہا کہ ملکی ادارے اپنے اپنے مفادات کا شکار ہیں اور حکومت نے آرمی چیف کی تقرری کو بھی ایک مسئلہ بنا دیا ہے۔

امیر جماعت اسلامی کا کہنا تھا کہ حکومت نے احتساب کے عمل کو مذاق بنا دیا ہے اور ملک میں بدعنوانی بڑھ گئی ہے۔

سراج الحق نے کہا کہ سابق فوجی سربراہ پرویز مشرف کی پھانسی قوم کا مسئلہ نہیں ہے بلکہ وہ قصہ پارینہ بن چکے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ کشمیر پرویز مشرف کی پھانسی سے بڑا مسلہ ہے۔

پاکستان عسکری تیاری کرے

کشمیر مارچ سے خطاب کرتے ہوئے پاکستان کے زیر انتظام کشمیر کے صدر سردار مسعود خان نے کہا کہ سلامتی کونسل سے کسی انصاف کی توقع نہیں ہے اور کشمیر کے مسئلے کا حل خود سے تلاش کرنا ہو گا۔

انہوں نے اقوام متحدہ کا کردار مایوس قرار دیتے ہوئے حکومت پاکستان کو کشمیر کی صورت حال پر لائحہ عمل بدلنے کا مشورہ دیا۔ سردار مسعود خان نے کہا کہ کشمیر کی موجودہ صورت حال کے تناظر میں حکومت پاکستان کو عسکری تیاری کرنا ہو گی۔

پاکستانی انتظام کے کشمیر کے صدر کا کہنا تھا کہ بھارتی عوام مودی کے اقدمات کے خلاف اٹھ کھڑے ہوئے ہیں۔ پاکستانی عوام کو بھی کشمیر سے بھرپور اظہار یکجہتی کرنا ہو گا۔ ان کے بقول کشمیر کے لیے پاکستان کی فوج اور پاکستان کے نوجوانوں کو مل کر جنگ لڑنا ہو گی۔

انہوں نے کہا کہ کشمیر اقوام متحدہ کی قراردادوں کا حصہ ہے اور دنیا کو یاد دہانی کرواتا ہوں کہ اس عالمی مسئلے کو پس پشت نہیں ڈالا جا سکتا۔

XS
SM
MD
LG