رسائی کے لنکس

ہالی وڈ کی نامور اداکارہ ڈورس ڈے چل بسیں


فائل فوٹو
فائل فوٹو

امریکی فلموں کی آئیکون کہی جانے والی اداکارہ اور گلوگارہ ڈورس ڈے انتقال کر گئی ہیں۔ ان کی عمر 97 سال تھی۔

خاندانی ذرائع کا کہنا ہے کہ ان کا انتقال نمونیہ کے باعث ہوا۔ نمونیے کا شکار ہونے سے پہلے ان کی صحت بہت اچھی تھی۔

خاندان کا کہنا ہے کہ ان کا انتقال کیلی فورنیا میں واقع ان کی رہائش گاہ میں ہوا اور موت کے وقت ان کے عزیز و اقارب ان کے قریب موجود تھے۔

سن 50 اور 60 کی دہائی میں ڈورس ڈے کی اداکاری اور آواز نے فلم بینوں کو اپنا دیوانہ بنا رکھا تھا۔

خبر رساں ادارے 'اے پی' کے مطابق ڈورس ڈے کی آواز میں موجود مٹھاس کو شہد سے تشبیہ دی جاتی تھی۔ انہیں امریکی تاریخ کی سب سے مشہور اداکارہ بھی کہا جاتا تھا۔

فلموں سے دوری اختیار کرنے کے بعد انہوں نے خود کو جانوروں کے حقوق کے لیے وقف کر لیا تھا۔

اس مقصد کے لیے انہوں نے ایک ادارہ 'ڈورس ڈے اینیمل فاؤنڈیشن' بھی قائم کیا تھا۔

ڈورس ڈے نے جتنا عرصہ بھی اداکاری کی، وہ باکس آفس کے لیے دلکشی کا باعث رہیں۔

فلم بین ان کی ایک جھلک دیکھنے کو بے تاب رہتے تھے۔ میوزیکل فلم ہو، مزاحیہ اداکاری ہو یا سسپینس تھرلر، وہ ہر جگہ انگوٹھی میں نگینے کی طرح فٹ نظر آتی تھیں۔

ڈورس ڈے کے عروج کے دور کی ایک یادگار تصویر
ڈورس ڈے کے عروج کے دور کی ایک یادگار تصویر

انہوں نے ہالی ووڈ میں اپنے کیریئر کا آغاز 1947ء میں کیا تھا اور تقریباً 40 فلموں میں کام کیا۔ سن 1948ء سے 1968ء تک کا عرصہ ان کے عروج کا دور تھا۔

"بیڈروم فارس"، "ڈیٹ ٹچ آف منک" اور "پلو ٹاک" جیسی مشہور فلمیں اسی دور کی یادگار ہیں۔ 'پلو ٹالک' آسکر کے لیے بھی نامزد ہوئی تھی۔

ڈورس ڈے نے چار شادیاں کیں۔ ان کی آخری شادی 1976ء میں ہوٹلز کا بزنس کرنے والے بیری کامڈین سے ہوئی تھی جو 1981ء تک چلی۔

ڈورس کی پہلی شادی 17 سال کی عمر میں ہوئی تھی۔ ان کی واحد اولاد ایک بیٹا ہے جو 1942ء میں ان کے پہلے شوہر سے پیدا ہوئے تھے۔

ڈورس اپنے طویل اور شاندار کیریئر کے باوجود کبھی آسکر ایوارڈ تو نہ جیت سکیں لیکن سن 2004 میں انہیں امریکہ کے اعلیٰ ترین سول اعزاز 'صدارتی میڈل آف فریڈم' سے نوازا گیا تھا۔ یہ میڈل سابق صدر جارج ڈبلیو بش نے انہیں دیا تھا۔

اس کے علاوہ انہیں لائف ٹائم اچیومنٹ ایوارڈ سے بھی نوازا جا چکا تھا۔

ڈورس ایک کامیاب اداکارہ اور گلوکارہ تھیں۔ مگر ان کا رجحان ڈانسر بننے کی طرف بھی تھا لیکن ان کا یہ خواب پورا نہیں ہو سکا۔

ان کی کار ایک حادثے میں ٹرین سے جا ٹکرائی تھی جس کے سبب ان کی ٹانگ بہت بری طرح زخمی ہو گئی تھی اور انہیں ڈانس کرنے سے منع کر دیا گیا تھا۔

XS
SM
MD
LG