رسائی کے لنکس

logo-print

میکسیکو سٹی میں میٹرو ریل حادثہ، کم ازکم 23 افراد ہلاک


میکسیکو سٹی میں سب وے ٹرین کو پیش آنے والے حادثے کے بعد، امدادی کارکن زخمیوں کی مدد کر رہے ہیں۔ مئی 3، 2021

میکسیکو کے سب سے گنجان آباد شہر میکسیکو سٹی میں چلنے والی مقامی ریل گاڑی ایک پل منہدم ہونے سے حادثے کا شکار ہو گئی، جس سے کم از کم 23 افراد ہلاک اور 70 کے قریب زخمی ہو گئے۔ پیر کے روز ہونے والے اس حادثے میں ریل کے ایک معلق ڈبے میں بچ جانے والوں کو بحفاظت نکالنے کی امدادی کارکنوں کی کوشش جاری ہیں۔

میکسیکو سٹی کے درجنوں سب وے نظاموں کی طرح، یہ گاڑی بھی زیادہ تر زیرِ زمین چلتی ہے۔ لیکن چند مقامات پر یہ سطح زمین سے بلند پلوں پر سے گزرتی ہے۔ میکسیکو سٹی کی آبادی 9 ملین کے لگ بھگ ہے، اور اندرون شہر چلنے والا یہ ریل نظام دنیا کے مصروف ترین نظاموں میں شمار ہوتا ہے۔

تاہم منگل کے روز، تحفظ کو پیشِ نظر رکھتے ہوئے معلق ڈبے سے تلاش کے کام کو ترک کرنا پڑا۔ اس ڈبے کو دوبارہ اٹھانے کیلئے ایک کرین کو بلایا گیا۔

شہر کی میئر، کلاڈیا شائین بوم کا کہنا ہے کہ ہم نہیں جانتے کہ اس ڈبے میں کتنے لوگ زندہ ہیں۔ اس شہر کے اندر چلنے والے ریل کے نظام میں یہ اب تک کا سب سے مہلک حادثہ ہے۔

نیچے گرنے والے ایک ڈبے سے ایک شخص کو نکالا گیا۔ میئر کا کہنا تھا کہ 49 افراد طبی امداد کیلئے ہسپتال لے جایا گیا ہے، ان میں سے 7 کی حالت نازک ہے۔

میئر نے کہا ہے کہ ہلاک ہونے والوں میں بد قسمتی سے بچے بھی شامل ہیں۔ تاہم انہوں نے ہلاک ہونے والے بچوں کی تعداد نہیں بتائی۔

یہ اوور پاس، سڑک سے 16 فٹ کی بلندی پر تھا۔ چونکہ ریل گاڑی درمیان میں بنائی گئی کنکریٹ کی پٹی پر اتر گئی تھی جس کی وجہ سے، بظاہر نیچے سڑک سے گزرنے والی ٹریفک میں ہلاکتوں کی تعداد کم رہی۔

میئر شائین بوم کا کہنا تھا کہ جب ریل گاڑی پل پر سے گزر رہی تھی تو پل کو سہارا دینے والا ستون منہدم ہو گیا۔

امدادی کام کو نصف شب کے قریب تھوڑی دیر کیلئے روکنا پڑا کیونکہ معلق ڈبے کے بارے میں خیال کیا جا رہا تھا کہ وہ کسی بھی وقت گر سکتا ہے۔

سینکڑوں کی تعداد میں پولیس اہلکاروں اور آگ بجھانے والےعملے نے جائے وقوعہ کو اپنے گھیرے میں لیا ہوا تھا۔ حادثے کا شکار ہونے والوں کے رشتہ دار اور دوست امدادی کارکنوں کے حصار سے باہر اپنے پیاروں کے بارے میں جاننے کیلئے بیتاب کھڑے تھے۔

تاہم، یہ بھی کہا جا رہا ہے کہ سن 2017 میں 7.1 شدت کے زلزلے نے اس سب وے لائین کو نقصان پہنچایا تھا۔

نصف صدی پہلے شروع ہونے والے میکسیکو سٹی کے ریل نظام میں اب تک صرف دو سنگین حادثے ہوئے ہیں۔

فیس بک فورم

XS
SM
MD
LG