رسائی کے لنکس

بنگلہ دیش کو راولپنڈی ٹیسٹ میں اننگز اور 44 رنز سے شکست


پاکستان کی جانب سے نسیم شاہ میچ کے بہترین کھلاڑی قرار
پاکستان کی جانب سے نسیم شاہ میچ کے بہترین کھلاڑی قرار

پاکستان نے بنگلہ دیش کو راولپنڈی ٹیسٹ میں ایک اننگز اور 44 رنز سے شکست دے دی۔ میزبان ٹیم نے دو میچز کی سیریز میں ایک صفر کی برتری بھی حاصل کر لی ہے۔

راولپنڈی کرکٹ اسٹیڈیم میں کھیلے گئے میچ کے چوتھے روز بنگلہ دیش نے اپنی نامکمل اننگز 126 رنز چھ وکٹوں کے نقصان سے دوبارہ شروع کی تو کپتان مومن الحق 37 اور لٹن داس صفر رنز کے ساتھ کریز پر موجود تھے۔

دونوں بلے بازوں نے مجموعی اسکور میں چار رنز کا ہی اضافہ کیا تھا کہ مومن الحق شاہین شاہ آفریدی کی گیند پر ایل بی ڈبلیو آؤٹ ہو گئے۔ انہوں نے 41 رنز کی اننگز کھیلی جس میں پانچ چوکے بھی شامل تھے۔

مومن الحق کے آؤٹ ہونے کے بعد بنگلہ دیش کی وکٹیں گرتی گئیں اور پوری ٹیم 168 رنز پر پویلین لوٹ گئی۔

بنگلہ دیش کی پوری ٹیم دوسری اننگز میں 168 رنز بنا سکی۔
بنگلہ دیش کی پوری ٹیم دوسری اننگز میں 168 رنز بنا سکی۔

بنگلہ دیش کی جانب سے کپتان مومن الحق 41، نجم الحسین شانتو 38 اور تمیم اقبال 34 رنز کے ساتھ نمایاں رہے۔

پاکستان کی جانب سے نوجوان فاسٹ بالر نسیم شاہ اور یاسر شاہ نے شاندار بالنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے چار چار وکٹیں حاصل کیں جب کہ شاہین شاہ آفریدی اور محمد عباس نے ایک ایک کھلاڑی کو آؤٹ کیا۔

میچ میں پانچ وکٹیں اور ہیٹ ٹرک کرنے والے فاسٹ بالر نسیم شاہ کو میچ کا بہترین کھلاڑی بھی قرار دیا گیا۔ وہ ٹیسٹ کرکٹ میں ہیٹ ٹرک کرنے والے کم عمر ترین بالر بھی بن گئے ہیں۔

یاد رہے کہ بنگلہ دیش نے اپنی پہلی اننگز میں 233 رنز بنائے تھے جب کہ پاکستان کی طرف سے کپتان بابر اعظم کے شاندار 143 رنز اور شان مسعود کی سنچری کی بدولت میزبان ٹیم نے 445 رنز بنائے تھے۔

XS
SM
MD
LG