رسائی کے لنکس

آفریدی سے 'خلافِ ضابطہ' بیان پر وضاحت طلب


آفریدی سے 'خلافِ ضابطہ' بیان پر وضاحت طلب
آفریدی سے 'خلافِ ضابطہ' بیان پر وضاحت طلب

پاکستان کرکٹ بورڈ نے قومی ون ڈے ٹیم کے کپتان شاہد آفریدی کی جانب سے ٹیم سلیکشن کے حوالے سے دئیے گئے حالیہ بیان کو خلافِ ضابطہ قرار دیتے ہوئے ان سے وضاحت طلب کرلی ہے۔

گزشتہ روز ویسٹ انڈیز سے وطن واپسی پر صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے شاہد آفریدی نے ٹیم مینجمنٹ کی جانب سے اپنے کام میں مداخلت کی شکایت کی تھی اور کہا تھا کہ وہ اس معاملے پر پی سی بی چیف سے بات کریں گے۔

ون ڈے ٹیم کے کپتان نے ایئر پورٹ پر کی گئی اپنی گفتگو میں کسی کا نام نہیں لیا تھا تاہم پاکستانی میڈیا میں آنے والی اطلاعات کے مطابق کپتان آفریدی اپنے کام میں قومی ٹیم کے کوچ وقار یونس کی مداخلت سے نالاں ہیں۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق ٹیم سلیکشن کے معاملے پر یونس اور آفریدی کے درمیان پہلے سے اختلافات موجود تھے جو قومی کرکٹ ٹیم کے حالیہ دورہ یسٹ انڈیز کے دوران شدت اختیار کرگئے تھے۔

صحافیوں کے ساتھ اپنی گفتگو میں آفریدی کا کہنا تھا کہ "ہر ایک کو اپنے کام سے کام رکھنا چاہیے اور دوسرے کے کام میں مداخلت نہیں کرنی چاہیے"

پیر کے روز پی سی بی کی جانب سے جاری ہونے والے ایک اعلامیہ میں کہا گیا ہے کہ بورڈ نے ٹیم مینجمنٹمیں موجود اختلافات کے بارے میں شاہد آفریدی کے میڈیا میں دیے گئے بیانات کا نوٹس لے لیا ہے۔

اعلامیہ کے مطابق آفریدی نے اس مسئلے پر عوامی سطح پر اظہارِ خیال کرکے ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی کی ہے جس پر ان سے وضاحت طلب کرلی گئی ہے۔

بورڈ کے مطابق دورہ ویسٹ انڈیز کی تکمیل پر ٹیم منیجر کی جانب سے ٹور رپورٹ جمع کرائے جانے کے بعد اس معاملے پر مزید کارروائی کی جائے گی۔

واضح رہے کہ آفریدی کی قیادت میں پاکستانی ٹیم نے ویسٹ انڈیز کے خلاف پانچ ایک روزہ میچوں کی سیریز 2-3 سے جیت لی تھی جس کے بعد آفریدی وطن واپس لوٹ آئے تھے۔

پاکستانی ٹیم مصباح الحق کی قیادت میں ویسٹ انڈیز کے خلاف دو ٹیسٹ میچوں کی سیریز بھی کھیلے گی جس کا آغاز 12 مئی سے ہوگا۔

XS
SM
MD
LG