رسائی کے لنکس

انقرہ: امریکی سفارت خانے پر فائرنگ


فائرنگ کے واقعے کے بعد انقرہ میں امریکی سفارت خانے کے باہر ایک سکیورٹی گارڈ تعینات ہے۔
فائرنگ کے واقعے کے بعد انقرہ میں امریکی سفارت خانے کے باہر ایک سکیورٹی گارڈ تعینات ہے۔

گورنر کے دفتر سے جاری ایک بیان میں کہا گیا ہے کہ حملہ آور ایک سفید گاڑی میں سوار تھے جنہوں نے سفارت خانے کے ایک سکیورٹی گیٹ پر چھ گولیاں برسائیں۔

ترکی کے دارالحکومت انقرہ میں واقع امریکی سفارت خانے پر ایک چلتی گاڑی سے فائرنگ کی گئی ہے لیکن واقعے میں کوئی جانی نقصان نہیں ہوا ہے۔

انقرہ کے گورنر کے دفتر کے مطابق فائرنگ کایہ واقعہ پیر کو علی الصباح ساڑھے پانچ بجے کے لگ بھگ پیش آیا۔

گورنر کے دفتر سے جاری ایک بیان میں کہا گیا ہے کہ حملہ آور ایک سفید گاڑی میں سوار تھے جنہوں نے سفارت خانے کے ایک سکیورٹی گیٹ پر چھ گولیاں برسائیں۔

بیان میں کہا گیا ہے کہ کم از کم تین گولیاں آہنی دروازے اور ایک نزدیکی کھڑکی پر لگیں۔ فائرنگ کے بعد حملہ آور موقع سے فرار ہونے میں کامیاب رہے۔

حکام کا کہنا ہے کہ واقعے کی تحقیقات کی جا رہی ہیں۔ مقامی انتظامیہ کا کہنا ہے کہ سفارت خانہ عیدالاضحیٰ کی تعطیلات کی وجہ سے رواں ہفتے بند رہے گا۔

سفارت خانے کے ایک ترجمان ڈیوڈ گینر نے بھی اپنے بیان میں فائرنگ کی تصدیق کرتے ہوئے کہا ہے کہ واقعے میں کسی شخص کے زخمی ہونے کی کوئی اطلاع نہیں اور واقعے کی تحقیقات کی جارہی ہیں۔

صحافی فائرنگ سے متاثرہ دروازے کی تصاویر لے رہے ہیں۔
صحافی فائرنگ سے متاثرہ دروازے کی تصاویر لے رہے ہیں۔

سفارت خانے نے اپنے بیان میں فوری جوابی کارروائی پر ترک پولیس کا شکریہ بھی ادا کیا ہے۔

انقرہ میں واقع امریکی سفارت خانہ اور استنبول کا امریکی قونصل خانہ اس سے قبل بھی کئی بار شدت پسندوں کے حملوں کا نشانہ بنتے رہے ہیں جب کہ انہیں حملوں کی دھمکیاں بھی تواتر سے ملتی رہی ہیں۔

تاہم سفارت خانے پر فائرنگ کا حالیہ واقعہ ایسے وقت پیش آیا ہے جب ترکی میں گرفتار ایک امریکی پادری کی رہائی کے معاملے پر دونوں ممالک کے تعلقات کشیدہ ہیں۔

اسی تنازع کے دوران امریکی صدر نے ترکی سے درآمدات پر اضافی محصولات بھی عائد کردی ہیں جس پر ترک قیادت نے سخت ردِ عمل ظاہر کیا ہے۔

XS
SM
MD
LG