رسائی کے لنکس

مارک باؤچر جنوبی افریقہ کے ہیڈ کوچ مقرر


جنوبی افریقہ کی ٹیم کے ہیڈ کوچ کے طور پر باؤچر کا پہلا امتحان زیادہ دور نہیں۔ (فائل فوٹو)
جنوبی افریقہ کی ٹیم کے ہیڈ کوچ کے طور پر باؤچر کا پہلا امتحان زیادہ دور نہیں۔ (فائل فوٹو)

جنوبی افریقہ کے کرکٹ بورڈ نے سابق وکٹ کیپر مارک باؤچر کو آئندہ چار سال کے لیے قومی ٹیم کا ہیڈ کوچ مقرر کیا ہے۔

مارک باؤچر کی تقرری کا اعلان 'کرکٹ ساؤتھ افریقہ' کے قائم مقام ڈائریکٹر کرکٹ اور ان کے سابق ساتھی کھلاڑی گریم اسمتھ نے ہفتے کو ایک پریس کانفرنس میں کیا۔

گریم اسمتھ کا کہنا تھا کہ مارک باؤچر کو یہ ذمہ داری سونپنے کا فیصلہ اس خیال سے کیا گیا ہے کہ وہ نوجوان اور ناتجربہ کار پروٹیز اسکواڈ کو ایک سخت جان ٹیم میں بدلنے میں کامیاب رہیں گے۔

انہوں نے کہا کہ اپنے طویل انٹرنیشنل کرکٹ کیریئر کی بدولت باؤچر بخوبی جانتے ہیں کہ ٹیسٹ کے میدان میں فتح کے لیے کیا کرنا ضروری ہے۔

باؤچر اگست 2016 سے جنوبی افریقہ کی ایک ٹاپ آرڈر مقامی ٹیم 'ٹائٹنز' کے ہیڈ کوچ کی ذمہ داریاں انجام دے رہے ہیں۔ اپنے 15 سال طویل انٹرنیشنل کیریئر میں 43 سالہ باؤچر نے 147 ٹیسٹ، 295 ایک روزہ میچ اور 25 ٹی ٹوئنٹی میچز میں جنوبی افریقہ کی نمائندگی کی تھی۔

کیریئر میں بطور وکٹ کیپر سب سے زیادہ، 999 کھلاڑیوں کو پویلین کی راہ دکھانے کا ریکارڈ بھی باؤچر کے نام ہے۔

گریم اسمتھ (درمیان میں) نے نئے کوچ مارک باؤچر (بائیں جانب) اور اینوخ کوئے کے بطور ہیڈ کوچ اور نائب کوچ تقرر کا اعلان ہفتے کو ایک پریس کانفرنس میں کیا۔
گریم اسمتھ (درمیان میں) نے نئے کوچ مارک باؤچر (بائیں جانب) اور اینوخ کوئے کے بطور ہیڈ کوچ اور نائب کوچ تقرر کا اعلان ہفتے کو ایک پریس کانفرنس میں کیا۔

جنوبی افریقہ کی ٹیم کے ہیڈ کوچ کے طور پر باؤچر کا پہلا امتحان زیادہ دور نہیں۔ جنوبی افریقہ کی ٹیم 26 دسمبر سے انگلینڈ کا دورہ شروع کر رہی ہے جس میں دونوں ٹیمیں چار ٹیسٹ، تین ایک روزہ اور تین ٹی 20 میچز کھیلیں گی۔

ہفتے کو اپنی پریس کانفرنس میں گریم اسمتھ نے نائب کوچ کی ذمہ داری اینوخ کوئے کو سونپنے کا بھی اعلان کیا جنہوں نے حال ہی میں جنوبی افریقہ کے دورۂ بھارت کے دوران ٹیم کے عبوری ڈائریکٹر کے فرائض انجام دیے تھے۔

اینوخ کوئے رواں سال اگست میں کوچ اوٹس گبسن کو ہٹائے جانے کے بعد سے عبوری طور پر ٹیم ڈائریکٹر کے فرائض انجام دے رہے تھے۔

'کرکٹ ساؤتھ افریقہ' نے فاف ڈوپلیسی کو ٹیسٹ ٹیم کا کپتان رکھنے کی بھی توثیق کردی ہے۔ ٹیم کے بیٹنگ اور بالنگ کوچز کا اعلان بھی آئندہ چند روز میں متوقع ہے۔

'کرکٹ ساؤتھ افریقہ' نے یہ نئی تقرریاں ایسے وقت کی ہیں جب بورڈ کو بدعنوانی کے الزامات میں اپنے چیف ایگزیکٹو تھابنگ مورو کی معطلی کے بعد مشکل حالات کا سامنا ہے۔

گریم اسمتھ نے گزشتہ ہفتے ہی تین ماہ کی عبوری مدت کے لیے یہ عہدہ سنبھالا تھا اور مارک باؤچر کی تقرری نئی ذمے داری سنبھالنے کے بعد ان کا پہلا بڑا فیصلہ ہے۔

XS
SM
MD
LG