رسائی کے لنکس

تسمانین ٹائیگر کی نایاب ویڈیو 85 سال بعد ریلیز


فائل فوٹو

آسٹریلیا کے نیشنل فلم اور ساؤنڈ آرکائیوز کے ادارے نے تسمانین ٹائیگر (تھائیلاسائن) کی ایک نایاب ویڈیو 85 سال چھپے رہنے کے بعد اب ریلیز کی ہے۔ یہ ویڈیو اس تسمانین ٹائیگر کی ہے جسے اپنی نسل کا آخری جانور قرار دیا گیا تھا۔

یہ ویڈیو 1935 میں فلمائی گئی تھی جسے تسمانین ٹائیگر کی آخری ویڈیو قرار دیا جاتا ہے۔ اس سے قبل 1933 میں بھی اس جانور کی ایک ویڈیو بنائی گئی تھی۔

یہ ویڈیو فلمانے کے لگ بھگ 18 ماہ بعد دنیا کا آخری تسمانین ٹائیگر بھی ہلاک ہو گیا تھا۔ اب اس کی نسل معدوم ہو چکی ہے۔

مذکورہ ویڈیو آسٹریلیا کے نیشنل فلم اور ساؤنڈ آرکائیو سے ڈیجیٹلی ری اسٹور کی گئی ہے جو دنیا کی نظروں سے لگ بھگ 85 برس پوشیدہ رہی۔ اکیس سیکنڈز کا یہ ویڈیو کلپ 'تسمانیہ، دی ونڈرلیںڈ' نامی ایک ٹریولاگ کا حصہ ہے۔

تسمانین ٹائیگر کی نایاب ویڈیو 85 سال بعد ریلیز
please wait

No media source currently available

0:00 0:00:23 0:00

بینجمن نامی اس تسمانین ٹائیگر کی ویڈیو ہابرٹ کے چڑیا گھر میں فلمائی گئی تھی۔ ہابرٹ آسٹریلیا کی ریاست تسمانیہ کا دارالحکومت ہے۔ تسمانین ٹائیگر اپنی طرز کا انوکھا جانور تھا جس کے پچھلے دھڑ پر زیبرے یا چیتے کی طرح کے نشانات تھے جب کہ اس کی شکل لومڑی اور بھیڑیے سے ملتی تھی۔

تسمانین ٹائیگر کی رنگت پیلی ریت اور سرمئی رنگ کا امتزاج تھی۔ اس کے کاندھوں سے دم تک 15 سے 20 دھاریاں ہوتی تھیں۔ تسمانین ٹائیگر کے کان چھوٹے لیکن جبڑے کافی بڑے اور طاقتور تھے جس میں 46 دانت ہوتے تھے۔

یہ جانور زیادہ تر رات کے وقت شکار کرتا تھا لیکن کبھی کبھار دن کے اوقات میں بھی نظر آ جاتا تھا۔ یہ اکیلے اور جھنڈ کے ساتھ دونوں صورتوں میں شکار کرتے تھے۔

فائل فوٹو
فائل فوٹو

تھائیلاسائن نامی یہ جانور زیادہ تر کینگرو، چھوٹے جانوروں اور پرندوں کا شکار کرتا تھا۔ یورپی کالونائزیشن کے دور میں یہ جانور بھیڑوں اور مرغیوں کا شکار کرتے ہوئے بھی پایا گیا تھا۔

ایک وقت تھا جب تھائیلاسائن آسٹریلیا کے بہت سے علاقوں میں پایا جاتا تھا۔ لیکن وقت گزرنے کے ساتھ اس کی نسل معدوم ہوتی چلی گئی۔ ماضی قریب میں یہ جانور صرف تسمانیہ کے علاقوں میں پایا جاتا تھا۔

لیکن اب لگ بھگ 70 برسوں سے تسمانیہ میں بھی اس کی موجودگی کے ٹھوس شواہد نہیں ملے ہیں جس کے باعث یہ خیال کیا جاتا ہے کہ اس جانور کی نسل ختم ہو چکی ہے۔

فیس بک فورم

XS
SM
MD
LG