رسائی کے لنکس

امریکہ میں جنازے پر ہونے والی فائرنگ میں دو افراد ہلاک


پولیس کے مطابق فائرنگ سے ایک کم عمر لڑکا جب کہ ایک بڑی عمر کا شخص ہلاک ہوئے۔
پولیس کے مطابق فائرنگ سے ایک کم عمر لڑکا جب کہ ایک بڑی عمر کا شخص ہلاک ہوئے۔

امریکہ میں ایک جنازے پر ہونے والی فائرنگ میں دو افراد ہلاک جب کہ ایک خاتون زخمی ہو گئیں۔

امریکی خبر رساں ادارے ْایسوسی ایٹڈ پریس' کی رپورٹ کے مطابق ہفتے ریاست فلوریڈا میں ایک چرچ میں فوت ہونے والے شخص کی آخری رسومات کی ادائیگی کے بعد فائرنگ کا واقعہ پیش آیا۔

پولیس کے مطابق فائرنگ سے ایک کم عمر لڑکا جب کہ ایک بڑی عمر کا شخص ہلاک ہوئے۔

فلوریڈا میں ریویرا بیچ پولیس نے فائرنگ کے واقعے کے حوالے سے مزید بتایا کہ ویکٹوریا سٹی چرچ کے قریب دن کے دو بجے فائرنگ کی آواز سنی گئی۔ فائرنگ کی زد میں آ کر ایک 15 سالہ لڑکا اور ایک 47 سالہ شخص روسے فری مین مارے گئے۔ لڑکے کی شناخت کے حوالے سے پولیس نے مزید کچھ نہیں بتایا۔

پولیس نے ابتدائی طور پر کہا تھا کہ فائرنگ سے ایک خاتون اور کم عمر لڑکا زخمی ہوئے ہیں۔ تاہم بعد ازاں ایک بیان میں بتایا گیا کہ لڑکا کسی اور جگہ فائرنگ کے واقعے میں زخمی ہوا ہے۔

پولیس نے زخمی ہونے والی خاتون کے حوالے سے بھی تفصیلات جاری نہیں کیں تاہم بیان میں کہا گیا ہے کہ ان کی حالت خطرے سے باہر ہے۔

پولیس نے فوری طور پر کسی کی گرفتاری سے متعلق بھی بیان جاری نہیں کیا۔

حکام کا کہنا تھا کہ اس علاقے میں آوازیں ریکارڈ کرنے والے آلات سے معلوم ہوا ہے کہ 13 راؤنڈز فائر کیے گئے تھے۔

چرچ سے وابستہ پادری ٹیوانٹ ڈی لوپے نے ایک ویڈیو پیغام میں کہا ہے کہ چرچ کو پہلے سے خدشہ تھا کہ خاندانی تنازع کے باعث میت کی آخری رسومات کے موقع پر کوئی پر تشدد واقعہ ہو سکتا ہے اس لیے مسلح سیکیورٹی کا انتظام کیا گیا تھا جب کہ پولیس کے افسران بھی موجود تھے۔

ان کا مزید کہنا تھا کہ سیکیورٹی اہلکار اور پولیس آخری رسومات کی ادائیگی کے بعد وہاں سے روانہ ہو گئے تھے۔ تاہم چرچ کے میدان میں کچھ افراد موجود تھے۔

انہوں نے کہا کہ چرچ کے ساتھ ایک گلی میں لڑائی شروع ہوئی جس کے بعد فائرنگ کی آواز آئی۔

پادری کا کہنا تھا کہ کوئی بھی شخص چرچ کی حدود میں نشانہ نہیں بنا اور نہ ہی چرچ کے عملے میں سے کوئی زخمی ہوا ہے۔

انہوں نے مرنے والے شخص اور اس کی آخری رسومات سے متعلق کسی قسم کا بیان نہیں دیا۔

پادری کا کہنا تھا کہ اس واقعے کا ویکٹوریہ سٹی چرچ سے کوئی تعلق نہیں تھا یہ ایک الگ واقعہ ہے۔

پولیس نے بھی چرچ کے پادری کے بیان کی تصدیق کی ہے کہ حملہ آور اور نشانہ بننے والے افراد ایک دوسرے کو جانتے تھے۔ پولیس کو شبہہ ہے کہ یہ واقعہ مرنے والے شخص، جس کی آخری رسومات ادا کی جا رہی تھیں، کے رشتے داروں کا ذاتی تنزع تھا۔

فائل فوٹو
فائل فوٹو

امریکہ میں کچھ عرصے سے مختلف ریاستوں میں عوامی مقامات پر فائرنگ کے واقعات میں اضافہ ہوا ہے جن میں بہت سے لوگ مارے گئے ہیں۔

ان واقعات کے بعد امریکہ میں 'گن کنٹرول' کا معاملہ ایک بار پھر موضوع بحث بنا رہا اور امریکی کانگریس کو بھی اس سلسلے میں مزید سخت قانون سازی کے لیے دباؤ کا سامنا رہا۔

حالیہ مہینوں میں اسلحے پر پابندی کا مطالبہ کیا جاتا رہا ہے۔ تاہم بعض حلقوں کی مخالفت کی وجہ سے گن کنٹرول سے متعلق قانون سازی نہیں ہو سکی ہے۔

XS
SM
MD
LG