رسائی کے لنکس

امریکہ میں کرسمس پر فائرنگ کے 52 واقعات میں 26 افراد ہلاک


فائل فوٹو
فائل فوٹو

امریکہ میں کرسمس کے دن فائرنگ کے مختلف 52 واقعات رونما ہوئے جن میں 26 افراد ہلاک جب کہ 44 زخمی ہوئے۔

امریکہ میں اسلحے کے استعمال (یا فائرنگ) کے پُرتشدد واقعات کے اعداد و شمار جمع کرنے والی ویب سائٹ 'گن وائلنس آرکائیو' کے مطابق 2019 میں امریکہ بھر میں اسلحے کے استعمال یا فائرنگ سے 38 ہزار سے زائد افراد ہلاک ہوئے ہیں۔

صرف کرسمس کے موقع پر ایک روز کے دوران فائرنگ کے 52 واقعات میں 26 افراد ہلاک ہوئے۔ فائرنگ کا بدترین واقعہ ریاست نیو میکسیکو میں پیش آیا جہاں ایک گھر میں چار افراد کی لاشیں برآمد ہوئی۔

پولیس حکام نے چاروں افراد کی ہلاکت فائرنگ سے ہونے کی تصدیق کی تاہم اس سے متعلق مزید معلومات فراہم نہیں کی گئیں۔

'گن وائلنس آرکائیو' کے مطابق رواں برس فائرنگ کر کے 14 ہزار 967 افراد کو قتل کیا گیا جب کہ 23 ہزار سے زائد افراد نے خود کشی کے لیے اسلحہ استعمال کیا۔

ریاست میری لینڈ میں کرسمس کی صبح گھر میں فائرنگ کر کے ایک 84 سالہ شخص براس ٹکر نے اپنی 54 سالہ بیوی ڈیبورا ٹکر کو قتل کر دیا۔ بعد ازاں ملزم نے اپنے آپ کو بھی گولی مار کر خود کشی کر لی۔

فائرنگ کا ایک واقعہ ریاست الاباما میں یوفولا کے علاقے میں پیش آیا۔ جہاں نائٹ کلب سے 34 سالہ اورلینڈو ووڈلے کو زخمی حالت میں اسپتال منتقل کیا گیا۔ جہاں وہ دم توڑ گیا۔ پولیس نے قتل کے الزام میں 24 سالہ البرٹ ولسن نامی نوجوان کو گرفتار کیا۔

ریاست کینٹکی میں کرسمس کی ایک پارٹی کے اختتام پر اپارٹمنٹ میں ہونے والی فائرنگ میں ایک نوجوان کی موت ہوئی۔ پولیس نے ہلاک ہونے والے شخص کی عمر 23 سال بتائی ہے تاہم اس کے علاوہ کسی قسم کی تفصیلات جاری نہیں کی گئیں۔

پارٹی میں شریک افراد زیادہ تر ہسپانوی تھے جس کی وجہ سے پولیس کو ان کی زبان سمجھنے میں بھی مشکل کا سامنا کرنا پڑا۔

ریاست لووزیانا کے شہر نیو اورلینز میں فائرنگ کے دو مختلف واقعات پیش آئے جن میں 2 افراد کی ہلاکت ہوئی۔

پہلا واقعہ سان برنارڈ میں پیش آیا جبکہ دوسرا واقعہ نیو اورلینز ایسٹ میں ہوا۔ پولیس نے دونوں واقعات کے حوالے سے مزید تفصیلات نہیں بتائیں۔

ریاست ورجینیا کے شہر رچمنڈ میں ایک ریسٹورنٹ کے باہر فائرنگ کی گئی جس میں 5 افراد کو گولیاں لگیں۔ جن میں سے ایک شخص کے ہلاک ہونے کی تصدیق ہوئی ہے۔

عینی شاہدین کے مطابق حملہ آور شخص ایک ریسٹورنٹ میں داخل ہونے کے لیے لائن میں کھڑا تھا جب محافظ نے داخلے سے قبل اس کی تلاشی لینا چاہی تو مسلح شخص نے فائرنگ کر دی جس سے سیکیورٹی گارڈ ہلاک جبکہ ارد گرد موجود افراد زخمی ہوئے۔ زخمیوں میں دو خواتین اور دو مرد شامل ہیں۔

ریاست پینسلوینیا میں کیسٹر کے علاقے میں کرسمس کی شب فائرنگ کا واقعہ پیش آیا جس میں دو گولیاں چلائی گئی جس سے ایک شخص ہلاک جبکہ ایک زخمی ہوا۔ پولیس حملہ آور کو گرفتار کرنے میں کامیاب نہ ہو سکی۔

ریاست جارجیا میں ایفولا پولیس کو ایک نائٹ کلب میں فائرنگ کی اطلاع موصول ہوئی۔ پولیس جائے وقوعہ پر پہنچی تو اُنہیں 34 سالہ شخص زخمی حالات میں ملا جسے اسپتال منتقل کیا گیا۔ تاہم وہ زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے چل بسا۔

ریاست جارجیا میں ہی جنوبی فلٹون ایک 23 سالہ نوجوان ڈیگلو مارٹن مبینہ طور پر گاڑی چوری کر کے فرار ہوا۔ پولیس سے مقابلے میں نوجوان کی ہلاکت ہوئی جبکہ ایک پولیس افسر زخمی بھی ہوا۔

ریاست کیلی فورنیا میں ازوسا کے علاقے میں کرسمس کی صبح 22 سالہ نوجوان کو فائرنگ کر کے قتل کیا گیا۔ پولیس کے مطابق مذکورہ نوجوان ایک جگہ گاڑی پارک کر کے کھڑا تھا جب اس پر متعدد فائر کیے گئے اور اس کی موت واقع ہوئی۔ فائرنگ کرنے والا شخص گاڑی میں با آسانی فرار ہو گیا۔

نیو میکسیکو میں فائرنگ کے دیگر دو واقعات میں دو افراد کی موت ہوئی۔ جبکہ فائرنگ سے ایک خاتون زخمی بھی ہوئی۔

کیلی فورنیا میں فائرنگ کے تین مختلف واقعات پیش آئے جن میں ایک 61 سالہ شخص ہلاک، 17 سالہ لڑکا اور ایک خاتون زخمی ہوئے۔ پولیس کے مطابق 61 سالہ شخص کو کئی گولیاں ماری گئیں ہیں تاہم کسی کو حراست میں نہیں لیا گیا۔ پولیس نے فائرنگ کے واقعے کے محرکات سے بھی آگاہ نہیں کیا۔

امریکی ریاست ٹیکساس میں فائرنگ کر کے ایک حاملہ خاتون کو قتل کیا گیا۔ پولیس کا کہنا ہے کہ 24 سالہ خاتون کو اس وقت قتل کیا گیا جب وہ کرسمس کے دن اپنے سابق شوہر کو اس کے گھر دو بچے حوالے کرنے آئی تھی۔

پولیس نے بتایا کہ مقتولہ اپنے بوائے فرینڈ کے ہمراہ آئی تھی جب کہ اس کا بوائے فرینڈ باہر گاڑی میں انتظار کر رہا تھا۔ اسی دوران فائرنگ کی آواز آئی جب وہ اندر بھاگ کر گیا تو اس کی گرل فرینڈ زخمی حالات میں پڑی تھی۔ فائرنگ میں 27 سالہ حملہ آور بھی زخمی ہوا جس کو پولیس حراست میں اسپتال منتقل کیا گیا۔

ریاست پنسلوانیا کے سب سے بڑے شہر فلاڈیلفیا میں ایک 20 سالہ نوجوان کو سر میں دو گولیاں ماری گئیں۔ پولیس نے واقعے کے حوالے سے بتایا کہ نوجوان کو زخمی حالت میں اسپتال منتقل کیا گیا تھا تاہم وہاں اس کی موت واقع ہوئی۔

ریاست کولوراڈو کے علاقے اروڑا میں کرسمس کی صبح پولیس کو ایک گھر میں فائرنگ کی اطلاع ملی۔ جائے وقوعہ پر پہنچنے پر پولیس کو ایک شخص کو گولیاں لگی لاش ملی۔

ریاست ڈیلاویئر میں ایک 51 سالہ خاتون کو فائرنگ کر کے قتل کیا گیا۔ پولیس کا کہنا تھا کہ کرسمس کی شام چھ بجے وینڈویر میں فائرنگ سے ایک خاتون زخمی ہوئی۔

'گن وائلنس آرکائیو' کے اعداد و شمار کے مطابق رواں برس فائرنگ سے 28 ہزار 953 افراد زخمی ہوئے۔ زخمیوں میں 17 سال سے کم عمر کے افراد کی تعداد 2700 سے زائد ہے۔

امریکہ میں کچھ عرصے سے مختلف ریاستوں میں عوامی مقامات پر فائرنگ کے واقعات میں اضافہ ہوا ہے جن میں بہت سے لوگ مارے گئے ہیں۔ ان واقعات کے بعد امریکہ میں 'گن کنٹرول' کا معاملہ ایک بار پھر موضوع بحث بنا رہا اور امریکی کانگریس کو بھی اس سلسلے میں مزید سخت قانون سازی کے لیے دباؤ کا سامنا رہا۔

مارچ میں ڈکس سپورٹنگ گُڈز نامی کمپنی نے اعلان کیا تھا کہ وہ اپنے 700 اسٹورز میں سے 125 اسٹورز پر اسلحے کی فروخت مکمل طور پر بند کر رہا ہے۔

حال ہی میں اسٹاربکس، ٹارگٹ، وینڈیز اور کروگر نامی اسٹورز نے بھی گاہکوں کے اسلحہ ساتھ لانے پر پابندی عائد کی تھی۔

اسلحہ رکھنے پر پابندی کی شدت سے وکالت کرنے والے گروپ 'گنز ڈاؤن امریکہ' کے بانی اور ایگزیکٹو ڈائریکٹر ایگور وولسکی کے مطابق امریکہ کے بیشتر شہری اس بات پر پریشان ہیں کہ امریکہ میں ہر جگہ بہت سا ذاتی اسلحہ موجود ہے اور اسے قانونی طور پر خریدنا بھی بہت آسان ہے۔

عوامی دباؤ کے باوجود وائٹ ہاؤس اور کانگریس کی طرف سے گن کنٹرول سے متعلق اقدامات کے سلسلے میں سست روی کا مظاہرہ دیکھنے میں آیا ہے۔

فائرنگ کے متعدد واقعات کے بعد امریکہ کے صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا تھا کہ وہ گن کنٹرول کے بارے میں قانون سازی پر زور دیں گے۔ تاہم بعد میں انہوں نے بیان دیا کہ ایسے جرائم کا ارتکاب کرنے والوں کی دماغی حالت پر توجہ دی جانی چاہیے۔

یہ بھی پڑھیے

XS
SM
MD
LG