رسائی کے لنکس

ہالی ووڈ کے اداکار کون سی کتابیں پڑھتے ہیں؟


کرونا وائرس کی وجہ سے دنیا بھر میں لاک ڈاؤن ہے۔ گھروں میں بند رہنے کے دوران بہت سے لوگ فلمیں دیکھ رہے ہیں یا کتابیں پڑھ رہے ہیں۔ کچھ لوگ سوال کر رہے ہیں کہ لکھنے والے کون سی فلمیں دیکھ رہے ہیں اور فلموں والے کون سی کتابیں پڑھ رہے ہیں؟

عام خیال یہ ہے کہ اداکاروں کو پڑھنے کا زیادہ وقت نہیں ملتا کیونکہ وہ فلموں میں مصروف رہتے ہیں۔ اس کے برعکس بیشتر اداکار مطالعے کے شوقین ہوتے ہیں اور وہ اکثر اپنی پسندیدہ کتابوں کے نام بتاتے رہتے ہیں۔ ہالی ووڈ میں بڑی تعداد میں فلمیں شائع شدہ ناولوں پر بنائی جاتی ہیں جس سے اندازہ کیا جاسکتا ہے کہ فلمساز نئے ناولوں پر نظر رکھتے ہیں۔

جاز، جراسک پارک، انڈیانا جونز، بیک ٹو دا فیوچر، ٹرانسفارمرز اور ایواٹار جیسی فلموں کے ڈائریکٹر اسٹیون اسپیل برگ کی پسندیدہ کتاب جیمز فینی مور کوپر کا تاریخی ناول دا لاسٹ آف دا موہیکانز ہے۔ 1757 کے واقعات پر مبنی یہ ناول 1826 میں شائع ہوا تھا۔

اینی ہال کے لیے مشہور اور چار آسکر حاصل کرنے والے ووڈی ایلن کی پسندیدہ کتاب جیروم سیلنجر کا ناول دا کیچر ان دا رائی ہے۔ اس کی پہلی اشاعت 1951 میں ہوئی تھی۔

امریکہ کی مقبول گلوکارہ لیڈی گاگا کی پسندیدہ کتاب رائنر ماریا رلکے (یا مقامی زبان میں غائنا ماغیا غلکا) کی لیٹرز ٹو آ ینگ پوئیٹ ہے اور ان کا کہنا ہے کہ وہ روز اسے پڑھتی ہیں۔ یہ خطوط رلکے نے فرانز زیور کیپس کو 1902 سے 1908 کے درمیان لکھے تھے۔ رلکے کے انتقال کے 3 سال بعد 1929 میں کیپس نے ان خطوط کو کتابی صورت میں شائع کیا۔

فلم سیریانا میں بہترین اداکاری کرنے پر اکیڈمی ایوارڈ جیتنے والے جارج کلونی کی پسندیدہ کتاب روسی ادیب لیو ٹالسٹائی کا ناول وار اینڈ پیس ہے۔ یہ ناول مختلف حصوں میں 1865 سے 1867 تک چھپتا رہا اور 1869 میں پہلی بار ایک جلد میں منظر عام پر آیا۔

جمان جی سمیت درجنوں فلموں میں کام کرنے والے روبن ولیمز کی پسندیدہ کتاب آئزک آیسموف کی فاؤنڈیشن ٹریلوجی تھی اور اس میں میول کا کردار انھیں سب سے زیادہ پسند تھا۔ آئسموف نے یہ کہانی 1942 میں لکھنا شروع کی تھی اور 1951 سے 1953 کے درمیان تینوں ناول شائع ہوئے۔ بعد میں انھوں نے اسی سیریز کے مزید ناول بھی لکھے۔

ٹیلی وژن سیریز گیم آف تھرونز میں جان اسنو کا کردار نبھانے والے کرٹ ہیرنگٹن اور بریوہارٹ پر آسکر حاصل کرنھے والے میل گبسن، دونوں کی پسندیدہ کتاب جارج آرویل کا ناول 1984 ہے۔ یہ آرویل کے انتقال سے ایک سال پہلے 1949 میں چھپا تھا۔

ہیری پوٹر سیریز میں مرکزی کردار ادا کرنے والے ڈینئیل ریڈکلف کی پسندیدہ کتاب میخائل بلگاکوف کا ناول دا ماسٹر اینڈ دا مارگریٹا ہے۔ یہ ناول پہلی بار 1969 میں مکمل صورت میں سامنے آیا۔ اس سے پہلے سوویت یونین میں اسے سنسر کردیا گیا تھا۔

ہیری پوٹر فلم سیریز ہی میں کام کرنے والی اداکارہ ایما واٹسن کی پسندیدہ کتاب ڈیفنی ڈو مورئیے کا ناول ریبیکا ہے۔ یہ ناول پہلی بار 1938 میں چھپا تھا۔ فلم ٹائی ٹینک سے عالمی شہرت حاصل کرنے والی اداکارہ کیٹ ونسلیٹ کی پسندیدہ کتاب ایمیلی زولا کا 1968 میں شائع ہونے والا ناول تھریزے راکین ہے۔

فلم گڈول ہنٹنگ سے مقبولیت حاصل کرنے والے میٹ ڈیمن کی پسندیدہ کتاب ہاورڈ زن کی نان فکشن اے پیپلز ہسٹری آف دا یونائیٹڈ اسٹیٹس ہے۔ اس کتاب کی اولین اشاعت 1980 میں ہوئی تھی۔ فلم علی میں محمد علی کا کردار ادا کرنے والے ول اسمتھ کی پسندیدہ کتاب 1988 میں شائع ہونے والا پاؤلو کوئیلو کا ناول الیکیمسٹ ہے۔

فلموں میں جیمز بونڈ کا کردار نبھانے والے پئیرس بروسنین کی پسندیدہ کتاب جان اسٹین بیک کا ناول دا گریپس آف ریتھ ہے۔ یہ ناول 1939 میں منظر عام پر آیا تھا۔ فلم دا ماسک اور ایس ونچرا میں کام کرنے والے جم کیری کی پسندیدہ کتاب فیوڈور دوستووسکی کا ناول کرائم اینڈ پنشمینٹ ہے۔ یہ 1866 میں ایک رسالے میں 12 اقساط میں چھپا تھا۔

ڈین براؤن کے ناولوں پر بنی فلموں کے ہیرو ٹام ہینکس کی پسندیدہ کتاب ٹرومین کپوٹی کا نان فکشن ناول ان کولڈ بلڈ ہے۔ اس کی پہلی اشاعت 1966 میں ہوئی تھی۔ پلپ فکشن اور فیس آف جیسی فلموں میں کام کرنے والے جان ٹریوولٹا کی پسندیدہ کتاب آرتھر ہیلی کا ناول ائیرپورٹ ہے۔ یہ ناول پہلی بار 1968 میں شائع ہوا تھا۔

XS
SM
MD
LG