رسائی کے لنکس

کرونا وائرس سے چین میں ایک روز میں 64 ہلاکتیں، مجموعی تعداد 425 ہو گئی


چین میں کرونا وائرس سے متاثرہ افراد کی تعداد 20 ہزار سے تجاوز کر گئی ہے۔ (فائل فوٹو)
چین میں کرونا وائرس سے متاثرہ افراد کی تعداد 20 ہزار سے تجاوز کر گئی ہے۔ (فائل فوٹو)

کرونا وائرس سے ہانگ کانگ میں پہلی ہلاکت رپورٹ ہوئی ہے جس کے بعد چین اور فلپائن کے بعد ہانگ کانگ میں اس مہلک بیماری نے کسی کی جان لی ہے۔

خبر رساں ادارے 'اے ایف پی' کے مطابق چین میں کرونا وائرس سے مزید 64 افراد ہلاک ہوگئے ہیں۔ یہ اب تک ایک دن میں کرونا وائرس سے ہونے والی سب سے زیادہ ہلاکتیں ہیں۔

کرونا وائرس سے ہلاکتوں کی مجموعی تعداد 425 تک پہنچ گئی ہے جب کہ 20 ہزار سے زائد افراد اس وائرس سے متاثر ہوئے ہیں۔

منگل کو ہانگ کانگ میں ایک 39 سالہ شخص بھی ہلاک ہو گیا جو کرونا وائرس میں مبتلا تھا۔

ہانگ کانگ کے مقامی میڈیا کے مطابق ہلاک ہونے والے شخص نے گزشتہ ماہ چین کے شہر ووہان کا دورہ کیا تھا جہاں سے کرونا وائرس کی وبا پھیلی ہے۔

مذکورہ شخص کو کرونا وائرس کے علاوہ دیگر بیماریاں بھی لاحق تھیں جس کے باعث اس شخص کے علاج میں پیچیدگیاں بڑھ گئی تھیں۔

خیال رہے کہ کرونا وائرس کے پھیلاؤ کے خدشے کے پیشِ نظر ہانگ کانگ بھی بند ہے اور چین کے ساتھ اس کی صرف دو گزر گاہیں کھلی ہیں۔ چین سے متصل ہونے کی وجہ سے ہانگ کانگ میں کرونا وائرس پھیلنے کے خدشات کا اظہار کیا جا رہا تھا۔

چین سے متصل ہونے کی وجہ سے ہانگ کانگ میں یہ وبا پھیلنے کے زیادہ خطرات ہیں۔ (فائل فوٹو)
چین سے متصل ہونے کی وجہ سے ہانگ کانگ میں یہ وبا پھیلنے کے زیادہ خطرات ہیں۔ (فائل فوٹو)

اس سے قبل اتوار کو فلپائن میں ووہان سے آنے والا ایک چینی شہری ہلاک ہوا تھا جس کے بعد فلپائن چین سے باہر وہ پہلا مقام بن گیا تھا جہاں کرونا وائرس سے لوگوں کی جان گئی ہے۔

یاد رہے کہ یہ وائرس لگ بھگ دو درجن ملکوں میں پھیل چکا ہے اور عالمی ادارہ صحت نے ہیلتھ ایمرجنسی بھی نافذ کی ہوئی ہے۔

علاوہ ازیں کچھ ملکوں نے اپنے شہریوں کے چین کے سفر پر پابندیاں عائد کی ہوئی ہیں جب کہ بعض ایئر لائنز نے چین کے لیے اپنی پروازیں بھی معطل کی ہیں۔

چین اس وبا کو پھیلنے سے روکنے کی کوششیں کر رہا ہے اور اس سلسلے میں چینی حکومت نے کئی اقدامات کیے ہیں۔ چین نے اپنے پانچ کروڑ سے زائد آبادی والے صوبے 'ہوبئی' کو مکمل لاک ڈاؤن کیا ہوا ہے۔

دوسری جانب جاپان نے بھی پیر کو ایک بحری جہاز کو قرنطینہ میں رکھا ہے جو 3711 مسافروں کو لے کر جاپان پہنچا تھا۔ ان مسافروں میں کرونا وائرس کی تشخیص کے لیے اسکیننگ کی جا رہی ہے۔

یوکوہاما کی بندرگاہ پر لنگر انداز ہونے والے جہاز میں سوار آٹھ مسافروں میں کرونا وائرس کی علامات پائی گئی ہیں۔
یوکوہاما کی بندرگاہ پر لنگر انداز ہونے والے جہاز میں سوار آٹھ مسافروں میں کرونا وائرس کی علامات پائی گئی ہیں۔

جاپان کے حکومتی ترجمان نے کہا ہے کہ یوکوہاما کی بندرگاہ پر لنگر انداز ہونے والے اس جہاز میں سوار آٹھ مسافروں میں بخار اور کرونا وائرس کی دیگر علامات پائی گئی ہیں۔

جہاز میں 2666 مسافر اور 1045 عملے کے اراکین سوار ہیں۔ ایک فوٹیج میں دکھایا گیا ہے کہ کچھ افسر یوکوہاما پورٹ پر موجود جہاز میں موجود افراد کا معائنہ کر رہے ہیں۔

XS
SM
MD
LG