رسائی کے لنکس

بھارت میں حاملہ ہتھنی کی موت پہ سوشل میڈیا پر غم و غصہ


بھارت میں ایک حاملہ ہتھنی نے دھوکے سے پٹاخے سے بھرا پھل کھا لیا جس کے پھٹنے سے وہ تڑپ تڑپ کر مر گئی۔

محکمہ جنگلات کے حکام نے اسے مجرمانہ اقدام قرار دیتے ہوئے فوجداری تحقیقات شروع کردی ہے۔ بولی ووڈ کے فن کاروں نے اس ظلم پر شدید غم و غصے کا اظہار کیا ہے۔

محکمہ جنگلات کے ایک افسر موہن کرشنن نے 30 مئی کو سوشل میڈیا پر یہ خبر دیتے ہوئے ہتھنی سے جذباتی معذرت طلب کی تھی۔ ان کا کہنا تھا کہ ہتھنی نے انناس یا کوئی اور ایسا پھل کھانے کی کوشش کی تھی جس میں پٹاخہ بھرا ہوا تھا۔

یہ واقعہ جنوبی بھارت کی ریاست کیرالہ میں 23 مئی کو کھیتوں کے قریب پیش آیا تھا۔ اس علاقے کے لوگ اپنی فصلوں کو جنگلی جانوروں سے بچانے کے لیے پھلوں میں پٹاخے بھر کے پھینک دیتے ہیں، تاکہ جانور ان کے پھٹنے سے بھاگ جائیں۔

محکمہ جنگلات کے اہلکار سنیل کمار نے کہا ہے کہ ہم صرف اتنا جانتے ہیں کہ ہتھنی کسی دھماکا خیز مواد کے پھٹنے سے زخمی ہوئی تھی۔ جس کسی نے بھی یہ حرکت کی، اسے جانوروں پر ظلم کے الزامات کے تحت جرمانہ بھگتنا پڑے گا اور جیل بھی ہوسکتی ہے۔

بھارت میں ایشیائی ہاتھیوں کی سب سے بڑی آبادی ہے اس کے باوجود وہ خطرے کے شکار جانوروں میں شامل ہیں۔ انسانوں سے اکثر ان کے تصادم ہوتے رہتے ہیں کیونکہ وہ خوراک کی تلاش میں بستیوں کی طرف آنکلتے ہیں۔

حاملہ ہتھنی بھی خوراک کی تلاش میں مقامی سائلنٹ ویلی نیشنل پارک کی طرف آئی تھی جب یہ واقعہ پیش آیا۔

ہتھنی کی موت فوراً واقع نہیں ہوئی تھی۔ منہ میں پٹاخہ پھٹنے کے بعد وہ جلن کو دور کرنے کے لیے ایک ندی میں گھس گئی تھی۔ مقامی لوگوں نے اسے علاج کے لیے پانی سے نکالنا چاہا۔ لیکن کامیاب نہیں ہوئے اور ہتھنی نے وہیں دم توڑ دیا۔ بعد میں اسے سدھائے ہوئے ہاتھیوں کی مدد سے ندی سے نکالا گیا۔

ہتھنی کو مرتے ہوئے دیکھنے والے موہن کرشنن نے فیس بک پر لکھا، معذرت بہنا۔ دھماکے سے اس کا منہ اور زبان شدید زخمی ہوگیا تھا اور وہ کچھ کھانے کے قابل نہیں رہی تھی۔ وہ اپنی بھوک سے زیادہ اپنے پیٹ میں موجود بچے کی صحت کے بارے میں زیادہ پریشان رہی ہوگی۔

بولی ووڈ کے فنکاروں نے ہتھنی کی موت پر شدید افسوس کا اظہار کرتے ہوئے مجرموں کو سخت سزا دینے کا مطالبہ کیا ہے۔ انوشکا شرما نے انسٹاگرام پر لکھا کہ وزیراعلیٰ کیرالہ مجرموں کو تلاش کریں اور انھیں اس بھیانک ظلم پر کیفر کردار تک پہنچائیں۔

عالیہ بھٹ، ٹائیگر شیروف، شردھا کپور اور ورون دھون نے بھی اس بارے میں لکھا اور غیر انسانی سلوک پر غصے اور ہتھنی کی اذیت پر دکھ کا اظہار کیا۔

عالیہ بھٹ نے ایک ہتھنی کی تصویر اپنی انسٹاگرام اسٹوری پر شیئر کر کے دکھ کا اظہار کیا۔

شردھا کپور نے لکھا کہ جانور انسانوں پر بھروسہ کرتے ہیں کیوں کہ انسان ماضی میں ان کی مدد کرتے رہے ہیں۔ لیکن جب آپ میں ہمدردی اور احساس نہ رہے تو آپ انسان کہلانے کے لائق نہیں ہیں۔

ٹائیگر شیروف نے بھی ہاتھیوں کی ایک تصویر شیئر کرتے ہوئے اپنے رنج کا اظہار کیا۔

XS
SM
MD
LG