رسائی کے لنکس

logo-print

پاکستان نے تیسرے ٹی ٹوئنٹی میچ میں انگلینڈ کو 5 رنز سے شکست دے دی


محمد حفیظ میچ اور سیریز کے بہترین کھلاڑی قرار پائے ہیں۔

پاکستان نے سنسنی خیز مقابلے کے بعد انگلینڈ کو تیسرے ٹی ٹوئنٹی میچ میں پانچ رنز سے شکست دے دی ہے۔ دونوں ٹیموں کے درمیان تین میچز کی سیریز 1-1 سے برابر رہی۔

مانچسٹر کے اولڈ ٹریفورڈ اسٹیڈیم میں منگل کو کھیلے گئے میچ میں میزبان ٹیم کے کپتان این مورگن نے ٹاس جیت کر پہلے فیلڈنگ کا فیصلہ کیا۔

پاکستان نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے مقررہ اوورز میں چار وکٹوں کے نقصان پر 190 رنز بنائے۔ گرین شرٹس کی جانب سے محمد حفیظ نے 52 گیندوں پر 86 رنز ناٹ آؤٹ کی شاندار اننگز کھیلی۔

حفیظ کی اننگز میں چھ چھکے اور چار چوکے بھی شامل تھے۔ پاکستان کی بیٹنگ لائن میں دوسرے ٹاپ اسکورر ڈیبیو کرنے والے حیدر علی رہے۔

حیدر علی نے 33 گیندوں پر 54 رنز کی اننگز کھیلی اور دو چھکے اور پانچ چوکے بھی لگائے۔ حیدر علی اپنے ڈیبیو میچ میں نصف سنچری بنانے والے پاکستان کے پہلے بلے باز بن گئے ہیں۔

پاکستانی اوپننگ بلے باز بابر اعظم 21، فخر زمان ایک اور شاداب خان 15 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے۔

انگلینڈ کی جانب سے کرس جورڈن نے دو، معین علی اور ٹام کران نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔

ہدف کے تعاقب میں میزبان ٹیم کو پہلے ہی اوور میں جونی برسٹو کی صورت میں خسارے کا سامنا کرنا پڑا، جنہیں شاہین شاہ آفریدی نے بولڈ کیا۔

دوسرے ٹی ٹوئنٹی میچ میں نصف سنچری بنانے والے ڈیوڈ ملان بھی سات رنز ہی بنا سکے۔

انگلش بلے باز ہدف کے تعاقب میں اسکور کو آگے بڑھاتے رہے لیکن وقفے وقفے سے ان کی وکٹیں گرتی چلی گئیں اور پوری ٹیم مقررہ اوورز میں آٹھ وکٹوں پر 185 رنز بنا سکی۔

انگلینڈ کی جانب سے سب سے زیادہ 61 رنز معین علی نے بنائے جب کہ ٹام بینٹن 46، سیم بلنگ 26، کپتان این مورگن 10، لوس گریگوری 12 اور جورڈن ایک رن بنا کر آؤٹ ہوئے۔

پاکستان کی جانب سے شاہین شاہ آفریدی اور وہاب ریاض نے 2، 2 جب کہ عماد وسیم اور حارث رؤف نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔ میچ میں بہترین کارکردگی پیش کرنے پر محمد حفیظ کو مین آف دی میچ کے اعزاز سے نوازا گیا جب کہ سیریز کا بہترین کھلاڑی بھی محمد حفیظ کو ہی قرار دیا گیا۔

یاد رہے کہ پاکستان اور انگلینڈ کے درمیان پہلا ٹی ٹوئنٹی میچ بارش کے باعث بغیر کسی نتیجے کے ختم ہو گیا تھا اور دوسرے میچ میں میزبان ٹیم نے پاکستان کو شکست دی تھی۔

فیس بک فورم

XS
SM
MD
LG