رسائی کے لنکس

مشن امپاسیبل سیون: کریو کو بچانے کے لیے 'وائرس فری ویلیج' بنانے کا فیصلہ


ٹام کروز (فائل فوٹو)
ٹام کروز (فائل فوٹو)

سلور اسکرین پر دشمن کے چھکے چھڑانے والے ہالی وڈ اداکار ٹام کروز حقیقی زندگی میں 'کرونا وائرس فری ویلیج' بسانے جا رہے ہیں یعنی ایک ایسا گاؤں جو کرونا وائرس سے پوری طرح محفوظ ہو گا۔

ٹام کروز برطانیہ کی کاؤنٹی آکسفرڈ شائر میں وائرس فری ویلیج بسانے کی منصوبہ بندی کر رہے ہیں۔

یہ گاؤں عارضی ہو گا اور اسے بسانے کا مقصد ان کی فلمی سیریز 'مشن امپاسیبل' کی ساتویں فلم کے عملے اور اداکاروں کو مہلک وبا سے محفوظ رکھنا ہے تاکہ ستمبر سے 'مشن امپاسیبل سیون' کی شوٹنگ کا آغاز ہو سکے۔

فلم کا تمام عملہ اور کاسٹ فلم کی تکمیل تک اسی عارضی گاؤں میں قیام کریں گے۔

ٹام کروز 'مشن امپاسیبل' سیریز کے ہیرو ہونے کے ساتھ ساتھ پروڈیوسر بھی ہیں جو یہ 'کرونا فری ویلیج' برطانوی رائل ایئر فورس کی ایک متروکہ اراضی پر تعمیر کریں گے۔

کرونا وائرس کی وبا کے زور پکڑنے کے بعد دیگر ٹی وی شوز اور فلموں کی طرح 'مشن امپاسیبل سیون' کی شوٹنگ بھی روک دی گئی تھی۔ فلم کی شوٹنگ اٹلی میں ہونا تھی لیکن اٹلی کے کرونا وائرس سے بری طرح متاثر ہونے کے بعد فلم کی شوٹنگ برطانیہ منتقل کر دی گئی تھی۔

ٹام کروز کا 'کرونا فری گاؤں' تعمیر کرنے کا منصوبہ دراصل فلم کی شوٹنگ کو دوبارہ معمول پر لانے کی کوشش ہے۔

عارضی ویلیج میں کاسٹ کو وی آئی پی انداز میں ٹریٹ کیا جائے گا جس سے فلم کی لاگت اور اخراجات میں اضافہ ہوجائے گا۔ لیکن چوں کہ وبا کے باعث ہوٹلز بھی بند ہیں اس لیے یہ ویلیج ہوٹلز کا متبادل ثابت ہو گا اور ہوٹلنگ کی مد میں مختص بجٹ یہاں استعمال کیا جاسکے گا۔

فلم سے وابستہ مختلف شخصیات کا کہنا ہے کہ فلم کی شوٹنگ میں بہت زیادہ تاخیر ہو چکی ہے اور مزید تاخیر ناقابلِ برداشت ہو جائے گی۔

یاد رہے کہ مشن امپاسیبل سیریز کی ساتویں فلم کی ریلیز 30 جولائی 2021 کو شیڈول تھی لیکن تاخیر کے سبب اب یہ فلم 19 نومبر 2021 کو ریلیز ہو سکے گی۔

ٹام کروز کے علاوہ 'مشن امپاسیبل 7' کی کاسٹ میں سائمن پیگ، ایلک بالڈون، ونیزا کربی اور ریبیکا فرگوسن شامل ہیں۔

ٹام کروز نے گزشتہ ماہ امریکی خلائی ادارے 'ناسا' کے ساتھ مل کر ایک فلم خلا میں شوٹ کرنے کا بھی اعلان کیا تھا۔

XS
SM
MD
LG